سیاست

منی پور میں فلائنگ ڈسپنسری کی تجویز زیرغور: نجمہ

Written by Dr.Mohammad Gauhar

منی پور میں فلائنگ ڈسپنسری کی تجویز زیرغور:نجمہ
نئی دہلی، 5 نومبر (یو این آئی ) منی پور کے دور افتادہ پہاڑی علاقوں میں طبی سہولتوں کی کمی اور عوام کی مشکلات کو دور کرنے کے لئے طبی سازوسامان سے لیس ہیلی کاپٹر کے ذریعے فلائنگ ڈسپنسری شروع کرنے کی تجویز زیر غور ہے ۔منی پور کی گورنر نجمہ ہپت اللہ نے یہاں یو این آئی کو بتایا کہ اس سلسلے میں انہوں نے وزیر اعظم کے دفتر میں زیر مملکت جتیندر سنگھ کے سامنے اپنی سفارشات پیش کی ہیں ۔ اس کے علاوہ انہوں نے مرکزی وزیر جینت سنہا سے بھی اس سلسلے میں بات چیت کی ہے ، جنہوں نے اس تجویز کی تائید کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ملک کے تمام حصوں میں امن خوشحالی اور ترقی کی روشنی پہنچانے کی خواہش رکھتے ہیں اس لئے انہیں پوری امید ہے کہ مرکز اس سمت میں جلد از جلد ٹھوس اقدامات کرے گی۔محترمہ ہپت اللہ نے کہا کہ منی پور کی مختلف جھیلوں میں آلودگی کی وجہ سے مچھلیوں کی مختلف اقسام کے تحفظ کے لئے جھیلوں کی صفائی لازمی ہے ، جس کے لئے ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے کے لئے جلد ہی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔

About the author

Dr.Mohammad Gauhar

Chief Editor - Taasir