کھیل

کھیلوں میں بھی سرجیکل اسٹرائیک ضروری:شیوراج

Written by Dr.Mohammad Gauhar

بھوپال، 11 نومبر (یو این آئی) مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے کہا ہے کہ کھیلوں کو بھی صاف ستھرا اور شفاف بنانے کیلئے اس میں بھی سرجیکل اسٹرائیک کرائے جانے کی ضرورت ہے ۔وزیر اعلی نے یہاں اولمپک سلور میڈلسٹ بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو کے اعزاز میں جمعرات کو منعقد تقریب کے دوران یہ بات کہی۔چوہان نے سندھو کو ان کی ماں اور کوچ پلیلا گوپی چند کی موجودگی میں سرفراز کرتے ہوئے 50 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔انہوں نے اس موقع پر کہاکہ پاکستان کے خلاف اور حال میں کالے دھن پر سرجیکل اسٹرائیک کے بعد اب کھیل پر بھی سرجیکل اسٹرائیک کی ضرورت ہے ۔ایسا اس لئے کیونکہ مختلف کھیلوں کی ایسوسی ایشنز کے اہم عہدوں پر ایسے افراد کا قبضہ ہے جو کھیلوں کے بارے میں نہ تو زیادہ جانتے ہیں اور نہ ہی اس کی ترقی کے لئے کچھ کرتے ہیں۔وزیر اعلی نے کہاکہ کھیل ایسوسی ایشن کے اہم عہدوں پر یہ لوگ محض بھیڑ جمع کرتے ہیں۔ان لوگوں کو فوری طور پر نکال کر کھیل کے تئیں مصروف عمل لوگوں کو ہی اہم ذمہ داریاں سونپی جانی چاہیے ۔

About the author

Dr.Mohammad Gauhar

Chief Editor - Taasir