کھیل

گمبھیر اور ایشانت پر بھروسہ، روہت راہل ٹیم سے باہر

Written by Dr.Mohammad Gauhar

ممبئی، 02 نومبر (یواین آئی) سلامی بلے باز گوتم گمبھیر اور تیز گیند باز ایشانت شرما پر ایک بار پھر سلیکٹروں نے اعتماد ظاہر کرتے ہوئے انہیں انگلینڈ کے خلاف 09 نومبر سے شروع ہو رہی ٹیسٹ سیریز کیلئے ہندوستانی ٹیم میں موقع دیا گیا ہے لیکن تین ماہر بلے باز روہت شرما ، شکھر دھون اور لوکیش راہل چوٹ کی وجہ سے باہر رہیں گے ۔چیف سیلکٹروں ایم ایس کے پرساد کی قیادت میں قومی سلیکشن کمیٹی نے انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے پہلے دو میچوں کے لیے بدھ کو یہاں ہندوستانی ٹیم کا انتخاب کیا۔ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کی سینئر سلیکشن کمیٹی نے میٹنگ میں 15 رکنی ٹیم کا اعلان کیا جس میں تین ماہر بلے باز روہت، دھونی اور راہل کو چوٹ کی وجہ ٹیم سے باہر رکھا گیا ہے ۔ دو سال کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز سے قومی ٹیم میں واپسی کرنے والے تجربہ کار بلے باز گمبھیر پر ایک بار پھربھروسہ کرتے ہوئے انہیں ٹیم میں شامل کیا گیا ہے تو تیز گیند باز ایشانت بھی انگلینڈ کے خلاف سیریز کا حصہ ہوں گے ۔ وہیں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں قدم رکھنے والے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کو کیریئر میں پہلی بار ٹیسٹ قدم رکھنے کا موقع دیا گیا ہے ۔گمبھیر کو نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں لوکیش راہل کے زخمی ہونے کے بعد ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ گمبھیر دوسرے ٹیسٹ کے لئے ٹیم میں شامل تھے لیکن انہیں موقع اندور میں آخری ٹیسٹ میں ملا تھا۔ گمبھیر نے اندور ٹیسٹ میں 29 اور 50 رن پر بنائے تھے ۔ رنجی ٹرافی میں دہلی کی کپتانی سنبھال رہے گمبھیر نے موہالی میں اڑیسہ کے خلاف گزشتہ میچ میں 147 رن کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔ اوپننگ کے لئے ٹیم انڈیا میں ویسے بھی فی الحال سخت مقابلہ چل رہا تھا لیکن دھون اور لوکیش دونوں کے زخمی ہونے کی وجہ سے سلیکٹروں کو مرلی وجے اور گمبھیر کو منتخب کرنے میں کوئی دقت نہیں ہوئی۔ وہیں ٹیم میں دوسرا سب سے بڑا سوال روہت شرما کا تھا لیکن چیف سلیکٹروں نے بتایا کہ روہت کی چوٹ بہت سنگین ہے اور انہیں اس کے لیے سرجری تک کی ضرورت پڑ سکتی ہے ۔ روہت چوٹ کی وجہ سے چھ سے آٹھ ہفتے تک کرکٹ سے دور ہو سکتے ہیں جس سے صاف ہے کہ سیریز کے باقی کے میچوں میں بھی ممبئی کے کھلاڑی کی واپسی تقریبا مشکل ہی ہے ۔ انہیں ون ڈے سیریز کے دوران چوٹ لگی تھی۔ نیوزی لینڈ کے خلاف وشاکھا پٹنم میں آخری ون ڈے میں 70 رن بنانے سے پہلے روہت نے چار ون ڈے میں 11، 13، 15 اور 14 رن بنائے تھے ۔ اگر تین ٹیسٹ میچوں کی بات کی جائے تو انہوں نے دہلی میں 35 اور ناٹ آوٹ 68، کولکتہ میں دو اور 82 اور اندور میں ناٹ آوٹ 51 رن بنائے تھے ۔ اس کے علاوہ بیماری کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا حصہ نہیں بن پائے ایشانت کی بھی ٹیم میں واپسی ہو چکی ہے ۔بھونیشور کمار بھی اپنی ہیمسٹرنگ کی چوٹ سے نکل گئے ہیں جو انہیں نیوزی لینڈ سیریز میں دوسرے ٹیسٹ کے دوران لگی تھی لیکن انہیں ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے ۔ روہت کے علاوہ ٹیم انڈیا کے دو اور ماہر بلے باز ان میچوں سے باہر رہیں گے جس میں راہل اور دھون بھی شامل ہیں۔ راہل ہیمسٹرنگ چوٹ کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے خلاف آخری دو ٹسٹ میچوں اور پھر ون ڈے سیریز سے باہر رہے تھے جبکہ دھون تیسرے ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز میں انگوٹھے کی چوٹ کی وجہ سے نہیں کھیلے تھے ۔

About the author

Dr.Mohammad Gauhar

Chief Editor - Taasir