کھیل

گمبھیر ٹیم انڈیا سے باہر، بھونیشور کی واپسی

Written by Dr.Mohammad Gauhar

نئی دہلی، 22 نومبر (یو این آئی) بائیں ہاتھ کے اوپنر گوتم گمبھیر کی ٹیم انڈیا میں واپسی زیادہ دیر نہیں رہ سکی اور انہیں انگلینڈ کے خلاف موجودہ سیریز کے باقی تین ٹسٹ میچوں کے لئے منگل کو اعلان 16 رکنی ٹیم سے باہر کر دیا گیا ہے ۔35 سالہ گمبھیر کو نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لئے زخمی اوپنر لوکیش راہل کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا تھا لیکن انہیں دوسرے ٹیسٹ میں کھیلنے کا موقع نہیں مل پایا۔گمبھیر نے نیوزی لینڈ کے خلاف اندور میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میں 29 اور 50 رنز بنائے ۔دہلی کے رنجی کپتان گمبھیر نے راجکوٹ میں انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں 29 اور صفر بنائے ۔گمبھیر کو وشاکھاپٹنم میں دوسرے ٹیسٹ میں آخری الیون میں شامل نہیں کیا گیا اور لوکیش راہل کو واپس بلایا گیا۔گمبھیر کو پھر رنجی ٹرافی میچ کھیلنے کے لئے ریلیز کر دیا گیا۔ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کی سینئر سلیکشن کمیٹی نے باقی تین ٹسٹ میچوں کے لئے 16 رکنی ٹیم کے ارکان کا اعلان کیا جس میں گمبھیر کی چھٹی ہو گئی اور درمیانے تیز گیند باز بھونیشور کمار کو واپس ٹیم میں شامل کر لیا گیا۔بھونیشور چوٹ کی وجہ سے پہلے دو ٹسٹ میچوں کے لئے ٹیم میں نہیں چنے گئے تھے اور انہوں نے گذشتہ 13 نومبر سے ممبئی کے خلاف میسور میں رنجی ٹرافی میچ کھیلا تھا۔ہندستان نے وشاکھاپٹنم میں پہلا ٹیسٹ 246 رنز کے بھاری فرق سے جیت کر سیریز میں 1۔0 کی برتری حاصل کرلی۔سیریز کا دوسرا میچ 26 نومبر سے موہالی میں کھیلا جائے گا۔ سلیکٹرز نے گمبھیر کے علاوہ بائیں ہاتھ کے اوپنر شکھر دھون کو بھی باقی میچوں کے لئے ٹیم میں شامل نہیں کیا۔شکھر زخمی ہونے کی وجہ سے ٹیم سے باہر چل رہے تھے اور اس وقت وہ وایاناڑ میں راجستھان کے خلاف رنجی میچ کھیل کر اپنی فٹنس ثابت کر رہے ہیں۔اس رنجی میچ میں شکھر نے 38 اور گمبھیر نے 10 رنز بنائے ۔ٹیم میں لیگ اسپنر امت مشرا بھی شامل ہیں جنہیں وشاکھاپٹنم ٹیسٹ میں آخری الیون میں جگہ نہیں ملی تھی اور انہیں بھی ہریانہ کی طرف سے رنجی میچ کھیلنے کے لئے ریلیز کیا گیا تھا۔ٹیم اس طرح ہے : -وراٹ کوہلی (کپتان)، اجنکیا رہانے (نائب کپتان)، لوکیش راہل، مرلی وجے ، چتیشور پجارا، کرو نانائر، ردھمان ساہا (وکٹ کیپر)، روی چندرن اشون، رویندر جڈیجہ، جینت یادو، امت مشرا، محمد سمیع، امیش یادو، ایشانت شرما، بھونیشور کمار اور ہردک پانڈیا۔

About the author

Dr.Mohammad Gauhar

Chief Editor - Taasir