بہار کے نوجوانوں میں سیکھنے اور محنت کرنے کا بھرپور مادہ : نتیش

پٹنہ 02 نومبر (اسٹاف رپورٹر): وزیراعلیٰ نتیش کمار نے آج سی ایم سکریٹریٹ واقع سنواد میں بہار اسکل ڈیولپمنٹ مشن کے بحالی ،تربیت اور ماموری ماڈل کی بنیاد پر بے روزگار نوجوانوں کو تربیت دے کر صد فیصد روزگار مہیا کرانے کے منصوبے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ بہار اسکل ڈیولپمنٹ مشن کا قیام کچھ سال پہلے کیا گیا تھا۔ اس وقت یہ نشانہ مقرر کیا گیا تھاکہ اگلے پانچ برسوں میں ایک کروڑ نوجوانوں کو مشن موڈ میں اسکل ڈیولپمنٹ کی تربیت دی جائے گی۔ اس کام میں شروع میں کافی رکاوٹیں آئیں۔ کون تربیت دے ، تربیت کیسی دی جائے، مشن کانشانہ تھا کہ نوجوانوں کو محض ٹریننگ کی سند نہیں دی جائے بلکہ ان کے اسکل کو ڈیولپ کیا جائے۔ بہت سے کام تھے اس لئے اس کام میں 15 محکموں کا انتخاب کیا گیا۔ محکموں سے ان کی صلاحیت کے بارے میں پوچھا گیا جس کی بنیاد پر ایک کروڑ نوجوانوں کو اگلے پانچ برسوں کے درمیان تربیت دینے کا نشانہ مقرر کیا گیا۔ ساری رکاوٹیں دور کرلی گئی ہیں ۔ تربیت دینے والی ایجنسی کا بھی انتخاب عمل میں آگیا ہے۔ کس طرح سے نوجوانوں کا اسکل ڈیولپ کیا جائے گا یہ بھی طے ہوگیا ہے۔ اسی بنیاد پر 74 کورسوں کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بہار کے نوجوانوں میں سیکھنے کا رجحان ہے۔ ان کے دل میں محنت کرنے کی خواہش ہے۔ ریاست کے باہر کے لوگ بھی اس کی تعریف کرتے ہیں۔ بہار کے لوگ کسی پر بوجھ نہیں بنتے بلکہ دوسروں کا بوجھ اٹھاتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ اپنے بھوٹان دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھوٹا ن دورے کے دوران تمام لوگوں نے کہا کہ بہار کے لوگ اچھا کام کرتے ہیں ان کی چاہت تھی کہ بہار کے لوگ یہاں کام کرنے کیلئے آئیں۔ سب نے کہا کہ بہار سے اب لوگوں کا آنا کم ہوگیا ہے کیونکہ اب انہیں بہار میں ہی کام مل رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بہار میں کام کے مواقع بڑھے ہیں ساتھ ہی بہار کے ماحول بھی اسکلڈ کارکنوں کی ضرورت میں اضافہ ہوا ہے۔ آپ جتنی صلاحیت بڑھائیں گے اتنے ہی روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے۔