سندھو عالمی سپر سیریز فائنل کیلئے کوالیفائی، سائنا چوکی

نئی دہلی، 29 نومبر (یو این آئی) اولپک چاندی کا تمغہ فاتح ہندوستان کی بیڈمنٹن اسٹار پی وی سندھو نے حال ہی میں دو ٹورنامنٹوں کے فائنل میں پہنچنے کی اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت دبئی میں 14 سے 18 دسمبر تک ھونے والے سال کے آخری عالمی سپر سیریز فائنلس کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے ۔لیکن سابق نمبر ایک سائنا نہوال 2010 سے پہلی بار اس ٹورنامنٹ میں کھیلنے سے چوک گئی۔سپر سیریز فائنلس میں دنیا کی سرفہرست آٹھ سنگلز کھلاڑی کھیلتی ہیں۔سندھو نے حال ہی میں چائنا اوپن میں پہلا سپر سیریز پریمیئر خطاب حاصل کیا تھا اور پھر وہ ہانگ کانگ اوپن سپر سیریز کے فائنل میں بھی پہنچی تھیں۔چائنا اوپن کا خطاب جیتنے پر سندھو کو 11 ہزار پوائنٹس ملے تھے جس کی بدولت وہ سپر سیریز فائنلس کے لئے کوالیفائی کر گئیں۔21 سالہ سندھو نے سپر سیریز فائنلس کی تیاری کے لئے منگل سے شروع ہوئے مکا¶ اوپن سے اپنا نام واپس لے لیا ہے ۔مکا¶ اوپن میں اب ہندوستانی چیلنج کی قیادت سائنا نہوال کے ہاتھوں میں رہے گی جنہیں ٹورنامنٹ میں ٹاپ سیڈ ملی ہے اور وہ بدھ کو اپنا پہلا مقابلہ کھیلیں گی۔سندھو نے کہاکہ میں اب زیادہ آگے کے بارے میں نہیں سوچ رہی ہوں۔مجھے پتہ تھا کہ اگر گزشتہ ٹورنامنٹوں میں میں بہترین کارکردگی کرتی ہوں تو دبئی سیریز کے لئے کوالیفائی کر جا¶ں گی۔میں کافی پرجوش ہوں۔دبئی میں کھیلنا اعزاز کی بات ہے ۔یہ ایک ایسا ٹورنامنٹ ہے جہاں میں ہمیشہ کھیلنا چاہتی تھی۔انہوں نے کہاکہ میں اس وقت اچھی فارم میں ہوں اور مجھے امید ہے کہ اسی فارم کو میں دبئی میں بھی جاری رکھوں گی۔گزشتہ دو ہفتے میں جاری اپنی کارکردگی سے میں مطمئن ہوں۔تاہم ہانگ کانگ میں خطاب نہ جیتنے سے تھوڑا مایوس ہوں لیکن مجھے لگتا ہے کہ تائی پے کی کھلاڑی نے مجھ سے اچھی کارکردگی کی ۔ہندستان کی سابق نمبر ایک سائنا نہوال ٹاپ آٹھ کھلاڑیوں کے اس ٹورنامنٹ کے لئے کوالیفائی نہیں کر پائیں ۔ سائنا کو چائنا اوپن اور ہانگ کانگ اوپن میں اپنی مایوس کن کارکردگی کا نقصان عالمی درجہ بندی میں کمی کے ساتھ اٹھانا پڑا۔سائنا چائنا اوپن میں پہلے دور میں اور ہانگ کانگ اوپن میں کوارٹر فائنل میں باہر ہو گئی تھیں۔2010 کے بعد سے یہ پہلا موقع ہے۔