نوٹ بندی کے خلاف پارلیمنٹ میں ہنگامہ

نئی دہلی، 17نومبر (یو این آئی) نوٹ بندی کے معاملے پر اپوزیشن اراکین نے آج پارلیمنٹ کے دوران ایوانو ں میں ہنگامہ کیاجس کے نتیجہ میں لوک سبھا کی کارروائی ایک بار کی التوا کے بعد دن بھر کیلئے ملتوی کر دی گئی جبکہ راجیہ سبھاکی کارروائی پانچ بار کے التوا کے بعد دن بھر کیلئے ملتو ی کر دی گئی ۔
راجیہ سبھا میں نوٹ بندی پر بحث کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کو بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے اپوزیشن پارٹیوں نے آج زبردست ہنگامہ کیا۔لنچ کے وقفے کے بعد ڈپٹی چیئرمین پی ۔ جے ۔ کورین نے نوٹوں پر پابندی کے معاملے پر پھر سے بحث شروع کرانے کے لئے سماج وادی پارٹی کے نریش اگروال کا نام پکارا تو کانگریس اور انا ڈی ایم کے کے اراکین نعرے بازی کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین کی نشست کے سامنے آگئے ۔ نوٹوں پر پابندی لگانے کے معاملے پر بحث کے دوران کانگریس کے اراکین وزیراعظم نریندر مودی موجودگی کا مطالبہ کرنے لگے ۔انا ڈی ایم کے کے اراکین نے کاویری مینجنگ بورڈ بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے نشست کے سامنے آگئے ۔ سماج وادی پارٹی ، بہوجن سماج پارٹی ، ترنمول کانگریس اور جنتادل (یونائیٹیڈ) ڈی ایم کے اور انا ڈی ایم کے کے اراکین بھی اپنی نشست پر کھڑے ہوگئے ۔ اس معاملے پر کل ایوان میں بحث ادھوری رہ گئی تھی۔ مسٹر کورین نے نعرے بازی کرنے والے اراکین سے خاموش رہنے اور بحث ہونے دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ نوٹوں پر پابندی کے معاملے پر اراکین نے بحث کا مطالبہ کیا ہے اور اس مسئلہ پر کل ایوان میں بحث کی تھی۔ ڈپٹی چیئرمین نے مسٹر اگروال نے بولنے کے لئے کہا سماج وادی پارٹی کے رکن نے کہا کہ ایوان میں رولنگ دی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا وزیراعظم نے پورے ملک کیو لائن میں لگادیا ہے اور خود دولہا بنے گھوم رہے ہیں۔ وہ نہیں آئیں گے تو ایوان کیسے چلے گا۔ مسٹر کورین نے کہا کہ وہ خود کسی وزیر کو ایوان میں آنے کی ہدایت نہیں دے سکتے لیکن یہ بحث وزارت خزانہ سے متعلق ہے اور وزیر خزانہ ارون جیٹلی ایوان میں موجود ہیں۔ اس لئے بحث ہونی چاہئے ۔ اس دوارن کانگریس نے اراکین نے اپنی نعرے بازی کا سلسلہ جار ی رکھا۔ اس دورا ن وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور مختار عباس نقوی نے کہا کہ اپوزیشن نے بحث کا مطالبہ کیا تھا۔ لیکن اب وہ بحث میں حصہ نہیں لے رہے ہیں، جو افسوسناک بات ہے ۔ حکومت اپوزیشن کے ہر سوال کا جواب دینے کے لئے تیار ہے ۔ نوٹوں کو بند کرنے کے خلاف اپوزیشن کے پاس کوئی دلیل نہیں ہے ۔ ا س لئے ایوان میں ہنگامے کی صورتحال پیدا ہورہی ہے ۔ انہوں نے نعرے بازی کرنے والے اراکین سے بحث ہونے دینے کی اپیل کی ۔اس کے بعد مسٹر کورین نے اراکین سے اپنی نشستوں پر واپس جانے کی اپیل کی لیکن اس کا کوئی اثر نظر نہ آنے کی صورت میں انہوں نے ایوان کی کارروائی ملتوی کردی۔ اس سے قبل اسی مسئلے پر ہنگامے کی وجہ سے وقفہ صفر اور وقفہ سوال کی کارروائی نہیں ہوسکی تھی۔