نوٹ پر پابندی :ممتا کادہلی میں ایک بار پھر احتجاج کرنے کا اعلان

کلکتہ21نومبر (یو این آئی)نوٹ پر پابندی پر جارحانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آج اعلان کیا ہے کہ وہ کل دہلی جارہی ہیں اور ایک بار پھر وہ سڑکوں پر اتریں گی ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ میں ایک بار سڑکوں پر اتروں گی اور کسی بھی سیاسی پروگرام میں شامل ہونے کو تیار ہے ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ مرکزی حکومت نے 500اور 1000روپیہ کے نوٹ پر پابندی کا اعلان کرنے سے قبل اس سے ہونے والوں پریشانیوں کے تدارک کیلئے کوئی منصوبہ نہیں بنایا تھا ۔یہی وجہ ہے کہ 8نومبر سے اب تک 15مرتبہ نئے نئے اعلانات کیے گئے اس کا مطلب صاف ہے کہ مرکزی حکومت کنفیوز ہے ۔امید کی جارہی ہے کہ ممتا بنرجی اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجری وال دونوں مل کر ایک بار پھر دہلی میں احتجاج کریں گے ۔نوٹ پرپابندی کی پالیسی پر وزیر اعظم نریندر مودی کی سخت تنقید کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ نوٹوں پرپابندی کی وجہ سے غریب طبقہ ،تاجر، یومیہ مزدور، خاتون خانہ اور بھکاری سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں ۔کلکتہ میں پریس کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرا مودی حکومت سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے ،انہوں نے کہا کہ کوئی منصوبہ بنائے بغیر جلد بازی میں یہ فیصلہ لیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نوٹ پر پابندی کے فیصلے کا علم مرکزی کابینہ کو بھی نہیں تھا۔اس لیے ہم مرکزی سے درخواست کرتے ہیں کہ اس مسئلے پر مل کر کام کریں گے ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ پلاسٹک منی مسئلے کا حل نہیں ہے ۔دیہی علاقوں میں کتنی دوکانوں میں کارڈ کے انتظامات ہیں ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ کالادھن اورکالا ہوگیا بلکہ لوگوں کے جائز کے پیسے پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے وہ اپنی آزادی سے روپیہ استعمال نہیں کرسکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نوٹ پر پابندی کے خلاف بہار، پنجاب اور اترپردیش کا دورہ کروں گی اور تاکہ عوامی بیداری لائی جاسکے ۔