وراٹ 14 برسوں میں ہٹ وکٹ ہونے والے پہلے ہندوستانی

راجکوٹ، 12 نومبر (یو این آئی)ہندستانی ٹیسٹ کپتان وراٹ کوہلی نے شاید ہی سوچا ہوگا کہ ان کے نام ٹسٹ میں ایک انچاھا ریکارڈ بھی جڑ جائے گا۔لیکن انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے چوتھے دن ہفتہ کو راجکوٹ میں ایسا ہی کچھ ہوا اور وہ 14 برسوں میں ‘ہٹ وکٹ’ ہونے والے پہلے ہندوستانی بن گئے ۔28 سالہ وراٹ نے اپنے آٹھ برسوں کے کیریئر میں کافی کامیابی دیکھی ہے لیکن انگلینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے میچ میں ہندستانی اننگز کے دوران جب ٹیم کو وراٹ کی سب سے زیادہ ضرورت تھی تو وہ ہٹ وکٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے ۔میچ کے چوتھے دن لنچ سے پہلے وراٹ عادل رشید کی گیند پر شاٹ لگانے کے چکر میں اسٹمپ کے بے حد قریب آ گئے اور ان کا پا¶ں اس سے پوری طرح چھو گیا اور بیل نیچے گر گئیں۔وراٹ اس وقت 40 رنز پر کھیل رہے تھے ۔انہیں اس کے بعد ہٹ وکٹ دیا گیا اور وہ واپس پویلین لوٹ گئے ۔انہوں نے 95 گیندوں میں پانچ چوکے لگائے ۔یہ 14 سال میں پہلا موقع ہے جب کوئی ہندستانی بلے باز ہٹ وکٹ ہوا ہے ۔آخری بار ویسٹ انڈیز کے دورے پر سال 2002 میں وی وی ایس لکشمن ہٹ وکٹ ہونے والے ہندستانی بلے باز رہے تھے ۔اس کے علاوہ وراٹ سال 1949 میں لالہ امرناتھ کے بعد ہٹ وکٹ ہونے والے پہلے ہندستانی ٹیسٹ کپتان بھی ہیں۔امرناتھ چنئی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ہٹ وکٹ ہوئے تھے ۔وراٹ سمیت ٹیسٹ کرکٹ میں کل 22 ہندستانی بلے باز اب تک ہٹ وکٹ ہوئے ہیں۔