وزیراعلیٰ اکھلیش یادو آج اپنی رتھ یاترا شروع کریں گے

لکھنؤ 02 نومبر (ایجنسی): وزیراعلیٰ اکھلیش یادو آج سے اپنی رتھ یاترا شروع کررہے ہیں۔ رتھ یاترا کی ساری تیاریاں پوری کرلی گئی ہیں۔ اس یاترا میں اکھلیش جس رتھ کا استعمال کریں گے اسے کروڑوں روپئے کے خرچ سے مرسڈیز کمپنی نے تیار کیا ہے اور رتھ میں وزیراعلیٰ اکھلیش یادو کی تصویر کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ جس میں پارٹی کے انتخابی نشان سائیکل کے ساتھ سب سے نمایاں ہیں۔ رتھ میں حالانکہ پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو ، رام منوہر لوہیا، جئے پرکاش نارائن اور جنیشور مشر جیسے پرانے سماجوادی اور لوہیا وادی رہنماؤں کی تصویر ہیں۔ لیکن اس میں پارٹی کے ریاستی صدر شیوپال سنگھ یادو ، امر سنگھ یا ان دونوں کے حامی کسی بھی لیڈر کی کوئی تصویر نہیں ہے۔ جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اکھلیش یادو سماجوادی پارٹی کی نمائندگی خود ہی کرنا چاہتے ہیں اور سماجوادی پارٹی کی طرف سے اپنی حکومت کی کارگزاریوں کے ساتھ وہ خود ہی پیش ہونا چاہتے ہیں۔ اس ہائی ٹیک رتھ میں وزیر اعلیٰ کے آرام کیلئے ایک بیڈ روم ، میٹنگ کیلئے ایک میٹنگ روم اور تمام سہولیات سے آراستہ واش روم بھی بنایا گیاہے۔ وزیراعلیٰ رتھ کے اندر سے ہی ایک لفٹ نما ڈائس بورڈ کے ساتھ جب چاہیں گے رتھ کی چھت پر نمودار ہوسکیں گے اور عوام سے خطاب کرسکیں گے۔ انتخابات کے پیش نظر اکھلیش کی امیج بلڈنگ کیلئے ایک بڑا منصوبہ تیار کیا گیا ہے جس میں 30لاکھ لوگ کام کریں گے۔ ہارورڈ یونیورسٹی کے ایک پروفیسر نے امریکہ سے یہ منصوبہ تیار کیا ہے۔ اب تک 15 کارکنوں کا انتخاب ہوچکا ہے۔ مزید 15 لاکھ رضاکار تیار کئے جائیں گے۔ یہ رضاکار ریاست کے گاؤں گاؤں میں جائیں گے اور اکھلیش حکومت کی حصولیابیوں سے عوام کو مطلع کریں گے۔