ہندستانی آئین کو نہیں ماننے والے غدار: کنہیا کمار

جالندھر۔ یکم نومبر (یو این آئی) جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے طالب علم لیڈر کنہیا کمار نے کہا کہ جو لوگ ہندوستانی آئین کو نہیں مانتے وہ غدار ہیں۔دیش بھگت یادگار کمیٹی کی طرف سے منعقد ہ دو روزہ ‘میلہ گدری بابیاں دا’ میں شامل ہونے آئے کنہیا کمار نے آج کہا کہ ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے ذریعہ سے لکھے گئے آئین میں سب کو برابر کا حق دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا آئین کے مطابق ملک کے ہر شہری کو مذہب، کھانے پینے ، تعلیم اور اپنی بات کہنے کا حق ہے اور ملک کی ہر حکومت کا فرض ہے کہ وہ لوگوں کو ان کا حق دلائے نہیں تو ہمیں حق لینا آتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو مذہبی، ذات، اقتصادی اور زبان میں مساوات چاہئے اور جو لیڈر یہ مساوات نہیں دلا سکتے ہیں وہ غدار ہیں۔کنہیا نے کہا کہ جن لوگوں نے قومی پرچم کو جلایا وہ ہمیں غدار کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھ پر غداری کا مقدمہ درج ہونے کے نو مہینہ بعد بھی پولیس اب تک چارج شیٹ داخل نہیں کر سکی ہے جبکہ چارج شیٹ تین مہینہ کے اندر داخل کرنی ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میرے کنبہ کے لوگ کسان ، فوج اور سی آر پی ایف میں ملازم ہیں لیکن آواز اٹھانے پر مجھے غدار بنا دیا گیا۔