جھارکھنڈ کے غریبوں کو ملیں گے مفت گیس کنکشن : رگھوور

ہزاری باغ ، یکم نومبر(معیز الدین خان): وزیر اعلیٰ رگھوور داس نے کہا ہے کہ آئندہ سال غریبوں کی فلاح کا سال ہوگا۔ وزیر اعظم نریندر مودی غریبی کے خاتمے کیلئے پابند عہد ہیں۔ اس بات کو دھیان میں رکھتے ہوئے ریاستی حکومت جھارکھنڈ کے غریبی کی سطح سے نیچے زندگی بسر کرنے والی ماؤں اور بہنوں کو مفت گیس کنکشن مہیا کرانے والی ملک کی پہلی ریاست ہے۔ وہ آج ہزاری باغ میں وینوبھاوے یونیورسٹی کے ویویکانند آڈیٹوریم میں پردھان منتری اجوالایوجنا کا افتتاح کررہے تھے۔ اس موقع پر مقامی ایم پی اور شہری ہوائی بازی کے وزیر مملکت جینت سنہا بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگلے تین برسوں میں ریاست کی 23لاکھ بی پی ایل آبادی کو مفت گیس کنکشن ، ایک سلینڈر چولہا سمیت مہیا کرانے کانشانہ رکھا گیا ہے۔ آج ریاست کے مختلف ضلعوں میں ایک لاکھ دس ہزار مفت گیس کنکشن دیئے جارہے ہیں۔