فرقہ پرستی کے خلاف ترنمول کانگریس کی مہم 3نومبر سے

کلکتہ یکم نومبر (یو این آئی)2019میں ملک کی قومی سیاست میں کلیدی کردار ادا کرنے کی متمنی ترنمول کانگریس بی جے پی اور آر ایس ایس کے خلاف تمام سیکولر جماعتوں کو متحد اور ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کوشش کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔چند دن قبل وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ایک ٹویٹ میں دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فرواریت پر مبنی تشدد سب سے زیادہ خطرناک ہے ۔اس کے بعد پارٹی لیڈروں کی میٹنگ میں وزیر اعلیٰ نے ترنمول کانگریس کے لیڈران کو بی جے پی کی فرقہ پرست سیاست کو طشت ازبام کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ہر محاذ پر بی جے پی کی فرقہ واریت کی سیاست کو بے نقاب کریں اور عوام کو اس سے آگاہ کیا جائے ۔پارٹی ایم پی اور سابق مرکزی وزیر ریلوے دنیش ترویدی کو پارٹی نے بی جے پی کی فرقہ واریت پر کتاب تیار کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔پارٹی کے ایک سینئر لیڈر نے بتایا کہ ترنمول کانگریس ملک کی تمام سیکولر جماعتوں کو متحد کرنے کی کوشش کرے گی تاکہ فرقہ پرست قوتوں کو ابھرنے کا موقع نہ ملے ۔اس کتاب میں انہی باتوں پر روشنی ڈالی جائے گی۔کتاب کیلئے مواد تیار ہوگیا ہے اور پارٹی کے اعلیٰ لیڈران آخری شکل دینے کی تیار کررہے ہیں ۔اس کتاب میں فرقہ واریت کے خلاف مودا کے علاوہ ممتا بنرجی کی قیادت والی حکومت کی کامیابیوں اور سینگور میں جبری حصول اراضی کی تحریک پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے ۔ممتا بنرجی نے بنگال میں فرقہ پرستوں کا مقابلہ کرنے کیلئے تین نکاتی ایجنڈا پیش کیا ہے جس میں اس کتاب میں تفصیل سے روشنی ڈالی گئی ہے ۔فرقہ پرستوں کے خلاف مہم کے تحت ریاست میں 3نومبر سے 11نومبر کے درمیان چھوٹی چھوٹی ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گاجس کے ذریعہ فرقہ پرستی کے نقصانات اور آر ایس ایس و بی جے پی کے اٹھان سے ہونے والے نقصانات سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا ۔پارلیمنٹ کے اگلے سیشن میں ترنمول کانگریس نے مرکزی حکومت کے خلاف جارحانہ رویہ اپنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ترنمول کانگریس کے ذرائع نے بتایا کہ پارٹی اترپردیش اسمبلی انتخابات کے نتائج کا انتظار کررہی ہے اس کے بعد ملک کی سیاست میں کس طرح کام کرنا ہے یہ واضح ہوجائے گا۔بی جے پی تیزی سے اپنی مقبولیت کھوتی جارہی ہے اور کانگریس ابھی بھی مقابلہ کرنے کی پوزیش میں نہیں ہے ۔ملک کی قومی سیاست میں اپوزیشن کی جگہ خالی ہے ۔ترنمول کانگریس کے ممبر پارلیمنٹ نے کہا کہ ہم بی جے پی کے خلاف تمام سیکولر جماعتوں کا اتحاد کرکے اس جگہ کو پر کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔اسمبلی انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کرنے کے بعد ترنمول کانگریس کی مقبولیت میں ملک بھر میں اضافہ ہوا ہے ۔ترنمول کانگریس کے لیڈر2014کے لوک سبھا انتخابات میں 34سیٹوں پر کامیابی حاصل کرنے کے باوجود ترنمول کانگریس قومی سیاست میں کچھ بھی نہیں کرپا ئی ۔مگر اب حالات بدل رہے ہیں ۔2019میں بی جے پی پہلی جیسی حالت نہیں رہے گی ۔اور ملک میں کوئی بھی سیکولر اتحاد ترنمول کانگریس کے بغیر بنانا ممکن نہیں ہے ۔