مرکز ،اتراکھنڈ کے حصے کی رقم نہیں دے رہا ہے : راوت

دہرادون یکم نومبر(ایجنسی): وزیر اعلیٰ ہریش راوت نے مرکزی حکومت پر الزام لگاتے ہوئے کہاہے کہ مرکز نے جو پیسے ریاست کو دینے کا وعدہ کیا تھا وہ اب تک پورا نہیں ہوا ہے۔ جن میں نمامی گنگے پروگرام سے لے کر کیدار ناتھ کی تعمیر نو اور رائے پور میں زیر تعمیر اسٹیڈیم کی رقم شامل ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گنگا کو صاف وشفاف بنانے کا دم بھررہی مرکزی حکومت نے اب تک نمامی گنگے کا ایک پیسہ ریاستی حکومت کونہیں دیا ہے۔ جس کے نتیجے میں اس منصوبے پر کام کرنا بہت مشکل ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مرکز پر ریاست کے 12500 کروڑ روپئے بقایہ ہیں۔ جن کے بارے میں مرکز کچھ بھی نہیں بتارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر سال بارش میں اتراکھنڈ کی کروڑوں روپئے کی سڑکیں بہہ جاتی ہیں جس سے ریاست کو زبردست نقصان ہوتا ہے اور یہاں آنے والے مسافروں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ لیکن مرکزی حکومت کو اس کی کوئی فکر نہیں ہے۔