گمبھیر اور روہت پر رہیں گی نگاہیں

ممبئی، یکم نومبر (یو این آئی) انگلینڈ کے خلاف پانچ ٹیسٹ میچوں کی آئندہ سیریز کے لئے ہندستانی ٹیم کا انتخاب یہاں بدھ کو کیا جائے گا اور بائیں ہاتھ کے اوپنر گوتم گمبھیر اور مڈل آرڈر کے بلے باز روہت شرما پر سب کی نگاہیں رہیں گی۔چیف سلیکٹر ایم ایس کے پرساد کی قیادت میں قومی سلیکشن کمیٹی انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز کیلئے بدھ کو ہندستانی ٹیم کا انتخاب کرے گی۔ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کی سینئر سلیکشن کمیٹی دوپہر 12 بجے یہاں ملاقات کرے گی اور ایک بجے پریس کانفرنس میں ٹیم کا اعلان کرے گی۔بی سی سی آئی کے سیکرٹری اجے شرکے اور چیف سلیکٹر پرساد ٹیم کا اعلان کریں گے ۔گمبھیر کو نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں لوکیش راہل کے زخمی ہونے کے بعد ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ گمبھیر دوسرے ٹیسٹ کے لئے ٹیم میں تھے لیکن انہیں موقع اندور میں آخری ٹیسٹ میں مل پایا تھا۔گمبھیر نے اندور ٹیسٹ میں 29 اور 50 رن بنائے تھے ۔ رنجی ٹرافی میں دہلی کی کپتانی سنبھال رہے گمبھیر نے موہالی میں اڑیسہ کے خلاف گزشتہ میچ میں 147 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔اوپننگ کے لئے ٹیم انڈیا میں اس وقت ویسے بھی سخت مقابلہ چل رہا ہے ۔مرلی وجے موجود ہیں اور یہ دیکھنا ہوگا کہ شکھر دھون اور لوکیش راہل اپنی چوٹوں سے نکل پائے ہیں یا نہیں۔دو سال بعد ٹیم انڈیا میں واپسی کرنے والے گمبھیر کے وسیع تجربے پر سلیکٹر بھروسہ کر سکتے ہیں۔ٹیم میں دوسرا سب سے بڑا سوال روہت شرما کا ہے جن کی کارکردگی میں تسلسل کا سخت فقدان ہے ۔نیوزی لینڈ کے خلاف وشاکھاپٹنم میں آخری ون ڈے میں 70 رنز بنانے سے پہلے روہت نے چار ون ڈے میں 11، 13، 15 اور 14 کے معمولی اسکور بنائے تھے ۔اگر تین ٹیسٹ میچوں کی بات کی جائے تو انہوں نے دہلی میں 35 اور ناٹ آؤٹ 68، کولکتہ میں دو اور 82 اور اندور میں ناٹ آوٹ 51 رن بنائے تھے ۔ٹیسٹ سیریز کی تین نصف سنچری روہت کا انگلینڈ کے خلاف منتخب ہونے کا راستہ صاف کر سکتی ہیں۔مڈل آرڈر میں چتیشور پجارا، وراٹ کوہلی، اجنکیا رہانے ، روہت اور وکٹ کیپر ردھمان ساہا کی مضبوط موجودگی رہے گی۔اسپن شعبہ ایک بار پھر آف اسپنر روی چندرن اشون، لیفٹ آرم اسپنر رویندر جڈیجہ اور لیگ اسپنر امت مشرا کے کندھوں پر رہے گا۔اشون اور جڈیجہ کو نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے پانچوں میچوں میں آرام دیا گیا تھا جبکہ مشرا 15 وکٹ لے کر مین آف دی سیریز بنے تھے ۔تیز گیند بازی میں ایشانت شرما واپس لوٹیں گے ۔ایشانت چکن گنیا کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے خلاف تین میچوں میں نہیں کھیل پائے تھے ۔ون ڈے سیریز سے آرام پانے والے فاسٹ بولر محمد سمیع، امیش یادو، بھونیشور کمار اور ایشانت پر تیز حملے کا دارومدار رہے گا۔ہندستان نے جس انداز میں نیوزی لینڈ کو 3۔0 کی شکست دیکر نمبر ایک رینکنگ حاصل کی تھی اسے دیکھتے ہوئے ٹیم میں زیادہ تبدیلی نہیں ہونے والی ہے۔ اور سلیکٹرز کو اوپننگ کو چھوڑ کر زیادہ محنت نہیں کرنی پڑے گی۔ہندستان دورے پر انگلینڈ کو پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز کھیلنی ہے ۔سیریز کا پہلا میچ نو سے 13 نومبر تک راجکوٹ میں، دوسرا 17 سے 21 نومبر تک وشاکھاپٹنم میں، تیسرا 26 سے 30 نومبر تک موہالی میں، چوتھا آٹھ سے 12 دسمبر تک ممبئی میں اور پانچواں 16 سے 20 دسمبر تک چنئی میں ہوگا۔اس کے بعد تین ون ڈے اور تین ٹوئنٹی 20 میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔