ون رینک ون پنشن کا مسئلہ 2 ماہ کے اندر حل ہوگا : وزیردفاع

سری نگر ، 3 نومبر (یو ا ین آئی) مرکزی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے جمعرات کو اعتراف کیا کہ 20 لاکھ سابق فوجیوں میں سے ایک لاکھ کو ‘ون رینک ون پنشن’ اسکیم سے مستفید ہونے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے تاہم کہا کہ اس مسئلے کو دو ماہ کے اندر حل کیا جائے گا۔ وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں میجر سومناتھ شرما کو اُن کی 69 ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرنے کی غرض سے آئے مسٹر پاریکر نے کہا ‘حکومت سابق فوجیوں کے ساتھ ہے اور اس میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے ‘۔ سابق فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا ‘مجھے آپ سے بات چیت کے لئے صرف دس منٹ دیے گئے تھے لیکن میں 40 سے زائد منٹوں تک آپ سے بات کرتا گیا۔ میں آپ کو بھروسہ دلاتا ہوں کہ حکومت آپ کے مسائل کے حل کے لئے آپ کے ساتھ ہے ‘۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے او آر او پی اسکیم کو سابق فوجیوں کی مدد کے لئے لاگو کیا ہے ۔ مسٹر پاریکر نے کہا ’20 لاکھ سابق فوجیوں میں سے صرف ایک لاکھ سابق فوجی کچھ تکنیکی اور دستاویزات کے مسائل کی وجہ سے او آر او پی کے تحت پنشن حاصل نہیں کرپارہے ہیں۔ اس مسئلے کو دو ماہ کے اندر حل کیا جائے گا’۔ انہوں نے کہا کہ حکومت او آر او پی کے حوالے سے کافی متفکر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کو سابق حکومتوں نے 43 برسوں تک لاگو نہیں کیا۔ وزیر دفاع نے کہا ‘موجودہ حکومت نے اس اسکیم کو اس حقیقت کے باوجود لاگو کیا کہ اس کے نتیجے میں قومی خزانے پر 7500 کروڑ کا اضافی بوجھ پڑے گا’۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے باعث پنشن میں 23 سے 24 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ اس سے قبل مسٹر پاریکر جن کے ہمراہ فوجی سربراہ جنرل دلبیر سنگھ سہاگ بھی تھے ، نے میجر سومناتھ کو اُن کی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا۔ قابل ذکر ہے کہ میجر سومناتھ سب سے بڑا فوجی اعزاز’پرم ویر چکرا’پانے والے پہلے فوجی ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ میجر سومناتھ شرما 1947 میں سری نگر ائرپورٹ کو حملہ آوروں سے بچانے کے دوران ازجان ہوئے تھے ۔ جن سابق فوجیوں نے وزیر دفاع سے ملاقات کی، نے الزام عائد کیا کہ انہیں طبی فوائد اور چیلڈرن الاؤنس نہیں مل رہے ہیں۔ تاہم مسٹر پاریکر نے انہیں یقین دلایا کہ اُن کے مسائل کو اگلے دورہ کشمیر سے قبل ہی حل کیا جائے گا۔ انہوں نے سابق فوجیوں سے مخاطب ہوکر کہا ‘مجھے آپ سے بات چیت کے لئے صرف دس منٹ دیے گئے تھے لیکن میں نے آپ کے مسائل 40 سے زائد منٹوں تک سنے ۔ جب میں اگلی بار کشمیر آؤں گا تو نصف دن آپ کے ساتھ گذاروں گا’۔