کنگ خان 51 برس کے ہو گئے

ممبئی۔3نومبر(یواین این )کنگ خان کے نام سے مشہور شاہ رخ خان کی پیدائش 2 نومبر 1965ء کو بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ہوئی تھی۔ ان کے والد تاج محمد خان ہندوستان کی تقسیم سے پہلے پشاور کے قصہ خوانی بازار سے دہلی منتقل ہوئے تھے۔ شاہ رخ خان نے ابتدائی تعلیم دہلی کے سینٹ کولمبیا سکول سے حاصل کی۔ اس کے بعد ہنس راج کالج معاشیات اور بعد ازاں اسلامیہ یونیورسٹی سے ماس کمیونیکیشن میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی۔ شاہ رخ نے 1988ء میں ٹی وی سیریل ’فوجی‘ سے بطور اداکار اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ 1991ء میں اپنے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے شاہ رخ ممبئی آ گئے۔ انہی دنوں ہیما مالنی کو اپنی فلم ’’دل آشنا ہے‘ کے لئے نئے چہرے کی تلاش تھی۔ شاہ رخ خان کو جب اس بات کا پتہ چلا تو وہ اپنے دوستوں کی مدد سے اس فلم کے لیے سکرین ٹیسٹ دینے کے لئے گئے اورمنتخب کر لیے گئے۔ اس دوران انہیں فلم ’دیوانہ‘ میں رشی کپور جیسے منجھے ہوئے اداکار کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ اس فلم میں شارہ رخ خان نے اپنی صلاحیتوں کے خوب جوہر دکھائے۔بالی ووڈ کے مشہور ڈائریکٹر عباس مستان نے اپنی فلم بازی گر کے ایک منفی کردار کیلئے شاہ رخ خان کو کاسٹ کیا۔ شاہ رخ نے اس کردار کو چیلنج سمجھ کر قبول کیا۔ اس فلم نے بلاک بسٹر کامیابی حاصل کی۔ اس کے بعد شاہ رخ خان نے کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ اس کے بعد ’’ڈر‘‘ اور ’دل والے دلہنیاں لے جائیں گے‘ جیسی سپرہٹ فلمیں دیں جنہوں نے شاہ رخ کو کنگ خان بنا دیا۔ شاہ رخ خان اپنے فلمی کیریئر میں 8 بار بہترین اداکار کے فلم فیئر ایوارڈ سے نوازے جا چکے ہیں۔