نتیش نے کی مغربی چمپارن سے نشچے یاترا کی شروعات

بتیا9نومبر (نمائندہ خصوصی )وزیر اعلی نتیش کمار نے آج مغربی چمپارن سے اپنی قبل مقررہ ’نشچئے یاترا‘کی شروعات کی ۔ اپنی اس یاترا کے پہلے دن انھوں نے مہاراجہ اسٹیڈیم میںمنعقد جلسئہ عام (چیتنا سبھا)سے خطاب کیا ۔ مہاتما گاندھی کی سرزمین عمل چمپارن کو سلام کر تے ہو ئے وزیر اعلی نے کہا کہ میںنے اپنی سبھی یاتراﺅں کی شروعات چمپارن سے کی ہے ۔چمپارن سے مجھے خاص لگاﺅ ہے ۔وزیر اعلی نے کہا کہ بابائے قوم مہاتما گاندھی کے ستیاگرہ کے 100ویں سال میں ہم نے اس نشچئے یاترا کی شروعات کی ہے ۔انھوں نے آج کے جلسے کا نام ’چیتنا سبھا ‘رکھے جا نے کا جواز پیش کر تے ہو ئے کہا کہ بغیر جن چیتنا (عوامی بیداری )کے کوئی بڑا کام نہیں ہو سکتاہے ۔وزیر اعلیٰ نے اپنے 7عزائم کا ذکر کرتے ہو ئے کہا کہ یہ سماج کے سبھی طبقوں کیلئے ہیں ۔ان کے فائدے سے کوئی آدمی محروم نہیں رہ سکتاہے ۔بہار کے ذہین اور محنت کش نوجوانوں کی تعریف کر تے ہو ئے انھوں نے کہاکہ بہا رکی مٹی بڑی زرخیز ہے ۔بس یہاں کے انفرااسٹرکچرکو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔اسٹوڈنٹ کریڈیٹ کارڈ کے حوالے سے وزیر اعلی نتیش کمار نے کہا کہ ہماری ساجھی حکومت نے تعلیم کے میدان میں خصوصی توجہ دی ہے ۔پہلے یہ دیکھا جا تا تھاکہ 12ویں کلاس سے آگے پڑھنے والوں کی تعداد بہت کم ہے ۔غریبی کی وجہ سے ہمارے بچے آگے پڑھ نہیں پاتے تھے ۔گریجویشن میںمجموعی انرالمنٹ کا تناسب محض 13فیصدہو اکر تا تھا ۔ہمارے غریب بچے بھی پڑھ لکھ کر آگے بڑھ سکیں اس کیلئے 4لاکھ روپئے تک کا اسٹوڈنٹ کریڈٹ کارڈ منصوبہ شروع کیا گیا ہے ۔وزیر اعلی نے 20سے25سال تک کے بے روزگار نوجوانوں کیلئے شروع کئے گئے خود امدادی بھتہ اور بلا ک سطح پر قائم اسکل ڈیولپمنٹ سنٹر کا ذکر کرتے ہو ئے کہاکہ بہار کے نوجوانوں کی ہر ممکن مدد کی جارہی ہے ۔وزیر اعلی نے حکومت بہار کی ملازمتوں میں خواتین کیلئے 35فیصد ریزر ویشن ،خواتین کی تعلیم کے فروغ کیلئے مڈل اسکول میں چلائے جا رہے پوشاک منصوبہ اور ہائی اسکول کی طالبات کیلئے سائیکل منصوبہ کا ذکر کرتے ہو ئے کہا کہ بہا رکا ماحول بدلا ہے ۔لوگوں کی سوچ بدلی ہے ،جس کا نتیجہ ہے کہ پہلے 9ویں کلاس میں پڑھنے والی بچیوں کی تعداد جہاں 1.70لاکھ تھی اب وہ بڑھ کر 8.15لاکھ سے زیادہ ہے ۔
وزیر اعلی نتیش کمار نے اپنے عزم منصوبہ سے متعلق’ ہر گھر بجلی کنکشن ‘کے سلسلے میں بتایا کہ تمام گھروں کا سروے کر لیا گیا ہے۔اس کی شروعات 15نومبر سے ہو جا ئے گی ۔ پنچایتوں کے ہر وارڈ میں بورنگ اور پمپنگ سیٹ لگاکر پورے گاﺅں میں پائپ لائن بچھائی جا ئے گی اور تمام گھروں میں نل کے ذریعہ پانی پہنچایا جا ئے گا۔نوتن بلاک کے ایک گاﺅںکے تعلق انھوں نے کہا کہ آج ہم نے ہر گھر نل کا جل منصوبہ کو دیکھاہے ۔ہم یہی سب دیکھنے نکلے ہی ہیں ۔وزیر اعلی نے نر کٹیا گنج سبڈویزنل آفس احاطہ میں عوامی شکایت ازالہ قانون کے نفاذ کے طریقے کا حوالہ دیتے ہو ئے کہا کہ شکایت کر نے والے کو بلاکر ان کی شکایتوں کا نپٹارا کیسے کیا جا تاہے ،آج میں نے اسے دیکھا ہے ۔مجھے بڑی خوشی ملی ہے ۔وزیر اعلی نے شراب بندی قانون کے حوالے سے کہا کہ کچھ لوگ اسے طالبانی قانون کہتے ہیں ۔میں نے طالبانی قانون کو غیر طالبانی کیسے بنایا جائے اس کیلئے مشورے طلب کئے ہیں۔14نومبر کو پٹنہ میں خود بیٹھیں گے اورمخالفت کرنے والوں کو بلاکر ان کا مشورہ جا نیں گے ۔انھوں نے کہا کہ اس شراب بندی سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا ئے گا۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ شراب بند ہو نے کے بعد دودھ کی فروختگی بڑھ گئی ہے ۔انھوں نے کہا کہ ہمیں کھلے میں رفع حاجت سے بہار کوآزاد کر ناہے ۔سوامی ویویکانند کے ایک قول کا حوالہ دیتے ہوئے انھوں نے کہاکہ سماج کو توڑنے والوں سے ہوشیار رہیں ۔ان کے بہکاوے میں آپ نہیں آئیں ۔ہم سب کو مل جل کر محبت اورخیرسگالی کو سماج میں قائم رکھناہے ۔
وزیر اعلی نتیش کمار نے اس سے قبل سبڈویزنل آفس نرکٹیا گنج کے احاطہ میں سبڈویزنل عوامی شکایت ازالہ دفتر کا افتتاح کر تے ہو ئے وہاں کے کام کاج کا جائزہ لیا ۔ وہاںعوامی شکایت ازالہ افسرانیل کمار جھا کے ذریعہ معاملے کی سماعت کا طورطریقہ دیکھااور اظہار اطمینان کر تے ہو ئے کچھ یدایات بھی دیں ۔اس موقع سے ڈپٹی سی ایم تیجسوی پر سادیادو ،محصولات اور اصلاحات اراضی مدن موہن جھا،چیف سکریٹری انجنی کمار سنگھ ،ڈی جی پی پی کے ٹھاکر ،وزیر اعلی سکریٹری اتیش چندرا ،ڈی ایم لوکیش کمار سنگھ اور کئی اعلی افسران موجو د تھے ۔نرکٹیا گنج کے بعد وزیر اعلی ٰنوتن بلاک کے پکر یا پنچایت میں ہر گھر نل کاجل اور ہر گھر بیت الخلا ءکی تعمیرکے منصوبہ کے عمل درآمد کو دیکھا اور وہاں کے لوگوںسے گفتگو بھی کی ۔
وزیر اعلی ٰ اپنے اس سفر کے آخری مرحلے میں بتیا میں قائم ضلع رجسٹریشن اور کانسلنگ سنٹر کا بھی جائزہ لیا۔اس موقع سے سی ایم ڈپٹی سی ایم نے سنٹر کے احاطے میں شجرکاری بھی کی ۔انھوں نے سنٹر کے کاﺅنٹروں پر کام کر رہے آپریٹروں کو سبھی اندراجات توجہ کے ساتھ کر نے کا مشورہ دیا ۔اس موقع پر ان کے ساتھ ڈیولپمنٹ کمشنر ششر سنہا،وزیر اعلی کے پر نسپل سکریٹری چنچل کمار ،دیہی ترقیات کے سکریٹری ارونند چوھری ،ڈی ڈی سی بتیا ،راجیش کمار مینا سمیت متعدد اعلیٰ افسران موجودتھے ۔ اس سے قبل پٹنہ میں یاترا پرروانہ ہونے سے پہلے اسٹیٹ ہینگر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے 500 اور 1000 روپئے کے نوٹوں کے بند کرنے کے مرکز کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ شروع میں کچھ پریشانی ہوگی لیکن کل ملاکر اس سے فائدہ ہی ہوگا۔ اس سے ملک کی معیشت کو بھی استحکام حاصل ہوگا۔ وزیر اعلیٰ کو کئی وزراءاور پارٹی کے رہنماﺅں اور کارکنوں نے اپنی نیک خواہشات کے ساتھ یاترا پرو روانہ کیا۔