سٹارز کی دوستی، دشمنی اور محبت فلمی ہے یا حقیقی؟

ممبئی12نومبر(پی ایس آئی)نو سال پہلے بالی وڈ میں تین نئے چہرے رونما ہوئے تھے جن میں دپیکا پاڈوکون نے فلم ‘اوم شانتی اوم’ سے اپنے سفر کی ابتدا کی تھی جبکہ سونم کپور اور رنبیر کپور نے فلم ‘سانوریا’ سے بڑے پردے پر قدم رکھا تھا۔ان نو سالوں میں رنبیر نے کچھ حد تک تو دپیکا نے کافی حد تک ان تجزیہ کاروں کو درست ثابت کیا جنھوں نے انھیں انتہائی پرومسِنگ اداکار کہا تھا۔ جہاں تک سونم کا تعلق ہے تو ان کے بارے رائے جو پہلے تھی وہ اب بھی ہے۔رنبیر نے اب تک کے اپنے کریئر میں کچھ غلط فلموں کے انتخاب کے علاوہ پوری ایمانداری اور محنت سے اپنے خاندان کی فلمی روایات کو آگے بڑھانے کی کوشش کی ہے۔دپیکا پاڈوکون نے بطور اداکارہ جس انداز اور رفتار سے خود کو خوب سے خوب تر بنایا ہے اس کے نتیجے میں وہ آج نہ صرف بالی وڈ کی کامیاب ترین ہیروئن ہیں بلکہ ہالی وڈ میں بھی اپنا سکہ جمانے کی کوشش کر رہی ہیں جو اس بات کی مثال ہے کہ صرف فلمی خاندان یا کسی بڑے سٹار کی اولاد ہونا ہی کامیابی کی ضمانت نہیں۔سری دیوی اپنی بیٹی سے ناراض:جہاں تک فلمی خاندان کے بچوں کا تعلق ہے تو سری دیوی کی بیٹی جھانوی بھی انڈسٹری میں پیر رکھنے کی تیاری میں ہیں۔ بلکہ یوں کہنا بہتر ہوگا کہ انھیں تیاری کروائی جا رہی ہے۔