‘دنگل’: عامر خان ایک سخت گیر والد

ممبئی،۳۱نومبر(پی ایس آئی)بولی وڈ میں مسٹر پرفیکشنسٹ کہلانے والے عامر خان کی فلم ‘دنگل’ کا پہلا گانا ریلیز کردیا گیا، جس میں وہ ایک سخت گیر والد کے طور پر سامنے آئے۔فلم ‘دنگل’ میں عامر خان، مہاویر سنگھ پھوگٹ نامی پہلوان کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، جو اپنی بیٹیوں کو پہلوانی میں گولڈ میڈل کے حصول کے لیے تربیت دیتے ہیں۔اس گانے کو دیکھ کر بھی اس بات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ عامر خان ایک والد کی حیثیت سے اپنی بیٹیوں کو پہلوان بنانے کے لیے سخٹ ٹریننگ دے رہے ہیں۔گانے کی شروعات عامر خان کے ان جملوں سے ہوتی ہے، ‘آج سے تم دونوں پہلوانوں کی زندگی گزارو گے’۔اس جملے سے صاف ظاہر ہورہا ہے کہ عامر خان اپنی دونوں چھوٹی بیٹیوں کو عام بچوں کی طرح زندگی گزارنے کی اجازت نہیں دیں گے۔واضح رہے کہ کچھ روز قبل فلم ‘دنگل’ کا ٹریلر بھی جاری ہوا تھا، جسے دیکھ کر شائقین نے اس کا موازنہ سلمان خان کی فلم ‘سلطان’ سے کرنا شروع کردیا تھا۔رواں سال عید پر ریلیز ہونے والی فلم ‘سلطان’ میں سلمان خان نے بھی ایک پہلوان کا کردار ادا کیا تھا، جو بلاک بسٹر ہٹ ثابت ہوئی تھی، اب دیکھنا یہ ہے کہ عامر خان کی فلم شائقین اور تجزیہ کاروں کو کس حد تک پسند آئے گی۔فلم ‘دنگل’ رواں سال 23 دسمبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔