پیٹرسن نے میچ فکسنگ کے الزامات کو کیا مسترد

جوہانسبرگ، 14 نومبر (یو این آئی) جنوبی افریقہ کے سابق ٹیسٹ بلے باز الویرو پیٹرسن نے کرکٹ جنوبی افریقہ (سی ایس اے ) کے ان الزامات کو مسترد کر دیا کہ گزشتہ سیزن میں قومی ٹوئنٹی -20 فرنچائزز چیمپئن شپ کے دوران انہوں نے میچ فکس کیا تھا۔جنوبی افریقہ بورڈ کی تحقیقات کے بعد الویرو کے علاوہ کئی دیگر کھلاڑیوں کو بھی میچ فکسنگ کا ملزم بنایا گیا اور ان پر پابندی لگائی گئی ہے ۔ بورڈ نے پیٹرسن کو ان الزامات کا جواب دینے کے لئے 14 دن کا وقت دیا ہے ۔پیٹرسن کے وکیل نے بیان میں کہا”الویرو نے کبھی کوئی میچ فکس نہیں کیا۔ وہ کسی میچ کو فکس کرنے پر متفق نہیں ہوئے اور نہ ہی انہوں نے میچ فکس کرنے کے بارے میں کبھی سوچا ۔ انہوں نے کبھی میچ فکس کرنے کے لئے کسی طرح کے تحائف بھی قبول نہیں کئے ”۔قابل ذکر ہے کہ پیٹرسن پر یہ الزام 2015 میں ہوئی ریم سلیم ٹوئنٹی -20 چیلنج سیریز میں کئی میچوں کو فکس کرنے کی سرگرمیوں میں شامل ہونے کے لئے لگایا گیا ہے ۔