شردھا کپور نے اپنے مداح کو اسٹیج پر بلا کر گلے لگا لیا

ممبئی ،14 نومبر(پی ایس آئی)فلمی شخصیات کے مداح بہت جذباتی ہوتے ہیں اور وہ اپنے پسندیدہ اداکار کے لیے کسی بھی حد تک چلے جاتے ہیں اسی وجہ سے اکثر اوقات ناخوشگوار واقعات رونما ہوتے ہیں لیکن شردھا کپور نے ایسے ہی ایک مداح کو سیکڑوں لوگوں کے سامنے اسٹیج پر بلا کر گلا لگالیا۔میڈیا کے مطابق چند روز قبل شردھا کپور نے اپنی نئی فلم ”راک آن 2 “ میں مدمقابل اداکار فرحان اختر کے ہمراہ ایک اسٹیج پروگرام میں پرفارم کیا، اس پروگرام کی میزبانی کے فرائض ساجد خان اور رتیش دیش مکھ انجام دے رہے تھے۔شردھا کپور نے محسوس کیا کہ ناظرین میں موجود ایک نوجوان ایسا بھی ہے جو کہ ان سے اسی دن ملاقات بھی کرچکا ہے اور ایک دو بار نہیں بلکہ 17 مرتبہ ان کے آس پاس دیکھا گیا ہے۔ شردھا کپور نے شو کے دوران نہ صرف اس نوجوان کو اسٹیج پر بلایا بلکہ ناظرین سے اس کا تعارف کرانے کے بعد اسے گلے بھی لگایا۔واضح رہے کہ شردھا کپور آج کل اپنی نئی فلم ”راک آن 2 “ کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں اور یہ فلم 11 نومبر کو ریلیز ہوچکی ہے۔