آبی جماﺅ کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے وزیراعلیٰ نے دی ہدایت

پٹنہ 21 نومبر (اسٹاف رپورٹر): وزیرا علیٰ نتیش کمار نے این ٹی پی سی اور محکمہ آبی وسائل کے انجینئروں، ڈی ایم پٹنہ اور منیجنگ ڈائرکٹر نارتھ بہار پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی آر لکشمنن کو 26 نومبر کو ریلی انگل گاﺅں کا جائزہ لے کر آبی جماﺅ کے مسئلے کے حل کیلئے ضروری کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وزیرا علیٰ نے یہ ہدایت بروز سوموار ایک انے مارگ واقع ”سنکلپ ‘ میں این ٹی پی سی باڑھ ، این ایچ ۔31 کے درمیان واقع ریلی انگلش گاﺅں میں سیلاب کے دنوں میں آبی جماﺅ اور پانی کے اخراج سے متعلق جائزہ میٹنگ کے دوران دی۔ میٹنگ میں ریلی انگلش گاﺅں علاقہ میں سیلاب کے دوران آبی جماﺅ کے مختلف نکات اور وجوہات پر وزیراعلیٰ کے ذریعہ تفصیل سے گفت وشنید کی گئی۔ ساتھ ہی اس علاقے کے پانی کے اخراج سے متعلق مختلف پہلوﺅں پر غوروخوض کیا گیا۔ جائزہ میٹنگ میں آبی وسائل کے وزیر راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ ،چیف سکریٹری انجنی کمار سنگھ، پرنسپل سکریٹری محکمہ آبی وسائل ارون کمار سنگھ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری چنچل کمار،سکریٹری اتیش چندرا و منش کمار ورما ، ڈی ایم پٹنہ سنجے کمار اگروال ، ایم ڈی نارتھ بہار پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی آر لکشمنن ،چیف انجینئر محکمہ آبی وسائل اور این ٹی پی سی کے نمائندہ کے ساتھ ساتھ دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔