مارلن منرو کا لباس 48 لاکھ ڈالر میں فروخت

واشنگٹن21 نومبر( ایجنسی)لباس کو فروخت کرنے والے ادارے کا کہنا ہے کہ یہ لباس اتنا تنگ تھا کہ اسے مارلن مانرو کو پہنانے کے بعد سیا گیا تھا۔ہالی ووڈ اداکارہ مارلن منرو کا وہ لباس جو انھوں نے امریکی صدر جان ایف کینیڈی کی سالگرہ پر ‘ہیبی برتھ ڈے مسٹر پریزیڈنٹ’ گانے کے لیے زیب تن کیا تھا 48 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوا ہے۔یہ ڑاں لوئی کا چست گاو¿ن جس پر ڈھائی ہزار کرسٹل جڑے ہوئے ہیں رِپلیز بیلیو اِٹ اور ناٹ میوزیم چین نے 48 لاکھ ڈالر میں خریدا جبکہ نیلامی کی ابتدائی قیمت 30 لاکھ ڈالر تھی۔کمپنی کے نائب صدر کا کہنا ہے کہ یہ لباس ’پاپ کلچر کا سب سے اعلیٰ نمونہ‘ ہے۔مارلن منرو اس پرفارمنس کے تین ماہ بعد منشیات کی زیادہ مقدار استعمال کرنے پر وفات پا گئی تھیں۔سن 1962 میں صدر کینیڈی کی پینتالیسویں سالگرہ پر ہونے والے ڈیموکریٹک فنکشن میں ان کی یہ گرما گرم پرفارمنس وہ آخری موقع تھا جب انھیں کسی عوامی تقریب میں دیکھا گیا تھا۔صدر کینیڈی کو بھی ایک سال بعد گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔یہ لباس نادر چیزیں اکٹھا کرنے کے شوقین اور کاروباری شحصیت مارٹن ڑوِگ نے 1999 میں ایک نیلامی میں تیرہ لاکھ ڈالر میں خریدا تھا۔لباس کو تازہ ترین نیلامی میں فروخت کرنے والے ادارے کا کہنا ہے کہ یہ لباس اتنا تنگ تھا کہ اسے مارلن منرو کو پہنانے کے بعد سیا گیا تھا۔خیال کیا جاتا ہے کہ اس نئی نیلامی سے کسی بھی لباس کی قیمت فروخت کا نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔ مارلن منرو کا سفید لہراتا ہوا لباس جو انھوں نے سیون ایئر اِچ میں پہنا تھا 2011 میں چھیالیس لاکھ ڈالر میں فروخت ہوا تھا۔جمعرات کو نیلام ہونے والے دیگر لباسوں میں وہ لباس بھی شامل ہے جو انھوں نے فلم ’سم لائیک اِٹ ہاٹ‘ میں پہنا تھا جو ساڑھے چار لاکھ ڈالر میں فروخت ہوا۔