جھارکھنڈ حکومت ایجوکیشن لون پر طلبا کو ضمانت دے گی:رگھوور

رانچی 23 نومبر (معیز الدین خان): جھارکھنڈ کے آدی واسیوں کو اعلیٰ تعلیم کیلئے قرض آسانی سے حاصل ہوسکے گا۔ ریاستی حکومت ان کے قرض کی ضمانت لے گی۔ وزیر اعلیٰ رگھوور داس نے اس تجویز کو اصولی منظوری دے دی ہے۔ آج جھارکھنڈ منترالیہ میں وزیراعلیٰ رگھوور داس کی صدارت میں ہوئی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں آدی واسی بچوں کے تعلیمی قرض کیلئے ایک فنڈ بناکر ریاستی حکومت کے گارنٹر بننے کامشورہ آیا۔ جس پر وزیراعلیٰ نے فوری منظوری دے دی۔ اس وقت ایجوکیشن لون کے تحت ساڑھے سات لاکھ روپئے کے قرض بغیر گارنٹی کے بینکوں سے دیا جارہا ہے۔ اس سے زیادہ رقم ہونے پر ضمانت مانگی جاتی ہے۔ اس اضافی رقم پر ریاستی حکومت ضمانت دے گی۔ اس کیلئے وزیر اعلیٰ اعلیٰ تعلیم فیلوشپ منصوبہ کے نام سے50 کروڑ روپئے کا ایک فنڈ بنایا جائے گا۔ جو لون ڈفالٹ ہونے کی صورت میں کام آئے گا۔ ایس ٹی کے علاوہ ایس سی اور او بی سی کے طلبا کو بھی اس کا فائدہ حاصل ہوگا۔