مانو میں وائس چانسلرس کے 2 روزہ اجلاس کا آغازآج

حیدرآباد، 27نومبر(پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، اسوسئیشن آف انڈین یونیورسٹیز (اے آئی یو) کے وائس چانسلرس اجلاس 2016 کی میزبانی کرے گی۔ دو روزہ اجلاس کا کل 28 نومبر صبح 10:30 بجے ڈی ڈی ای آڈیٹوریم میں آغاز ہوگا۔ پروفیسر فرقان قمر، سکریٹری جنرل ، اے آئی یو نے آج یونیورسٹی گیسٹ ہاﺅز میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ، مہاراشٹرا ، اڈیشہ، چھتیس گڑھ، اتر پردیش اور مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والے تقریباً 50 یونیورسٹیز کے وائس چانسلر کانفرنس میں شرکت کریں گے جس کا موضوع ”معلوماتی و ترسیلی ٹکنالوجی کی بہترین روایات کا تبادلہ – تدریس و مہارتوں کا ارتقائ“ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان نے اگرچہ گذشتہ 70 برس میں تعلیم کے شعبہ میں غیر معمولی ترقی کی ہے مگر ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ وائس چانسلرس، معیار پر توجہ کے ساتھ تعلیم کے شعبہ میں مزید تیز رفتار ترقی کے طریقہ¿ کار پر تبادلہ خیال کریں گے۔ پروفیسر فرقان قمر نے بتایا کہ سابق میں طلبہ کو اساتذہ پر بھروسہ تھا، اساتذہ بھی تندہی سے کام انجام دیتے تھے۔ کسی کو شکایت نہ تھی۔لیکن آج آر ٹی آئی کا زمانہ ہے۔ اعلیٰ تعلیم کے شعبہ میں معلوماتی اور ترسیلی ٹکنالوجی کے اطلاق نے کافی سہولتیں پیدا کردی ہیں۔ اس سے مربوط مسائل اور ان کو حل کرنے کے تجربات پر اس کانفرنس میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اے آئی یو کی سفارشات وزارت فروغ انسانی وسائل اور یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کے بشمول متعدد فیصلہ ساز اداروں کو بھیجی جاتی ہیں۔ اسوسئیشن آف انڈین یونیورسٹیز کا قیام 1925 میں عمل میں آیا تھا۔ اعلیٰ تعلیم کے میدان میں وہ فیصلہ سازی عمل پر خاموشی کے ساتھ اثر انداز رہی ہے۔ 650 ملکی اور غیر ملکی جامعات اسوسئیشن کے رکن ہیں۔ یہ ادارہ ملک اور بیرونِ ملک میں اسناد / اہلیت کو مساوی موقف عطا کرنے کے میدان میں کافی سرگرم ہے۔ ڈاکٹر محمد اسلم پرویز، وائس چانسلر، اردو یونیورسٹی نے جو پریس کانفرنس میں موجود تھے کہا کہ ملک تبدیلی کے دور سے گزر رہا ہے۔ حقوق اور شناختوں کو منوانے کی کوشش اس مرحلہ کا حصہ ہے۔ طلبہ برادری کو ملک کی ضرورتوں کے بارے میں آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے آئی یو وائس چانسلرس اجلاس اعلیٰ ترین سطح پر تعلیم سے مربوط مسائل اور تجربات پر تبادلہ خیال کا ایک منفرد پلیٹ فارم ہے۔ ڈاکٹر شکیل احمد، رجسٹرار مانو نے اس موقع پر کہا کہ یونیورسٹی میں اے آئی یو وائس چانسلرس اجلاس کا انعقاد، ملک میں یونیورسٹی کے بڑھتے ہوئے وقار کی علامت ہے۔ وسطی زون وائس چانسلرس اجلاس کی افتتاحی تقریب میں پروفیسر ایچ پی ڈکشت ، سابق وائس چانسلر اگنو مہمانِ خصوصی ہوں گے۔ پروفیسر ڈی ایس چوہان، صدر اے آئی یو ، صدارت کریں گے۔ ڈاکٹر محمد اسلم پرویز، وائس چانسلر، مانو، خطبہ¿ استقبالیہ دیں گے اور پروفیسر فرقان قمر، سکریٹری جنرل، اے آئی یو، مہمانِ اعزازی ہوں گے۔ پروفیسر گھنٹہ رمیش، شعبہ¿ تعلیم و تربیت، مانو کانفرنس کے کو آرڈینیٹر ہیں۔ اس کے علاوہ شام 6بجے ایک کلچرل پروگرام ڈی ڈی ای آڈیٹوریم میں منعقد کیا جائے گا جس میں ڈاکٹر رادھیکا چوپڑا، ممتاز غزل گلوکارہ اپنے فن کا جادو جگائیں گی۔ مدعوئین سے شرکت کی خواہش کی گئی ہے۔