اردو | हिन्दी | English
2028 Views
Politics

ہندوستان کیلئے ہنر مندی کا فروغ ضروری:صدر جمہوریہ

pranab-mukherjee1
Written by Tariq Hasan

نئی دہلی۔14دسمبر،(یو این آئی) صدر جمہوریہ ہند پرنب مکھرجی نے آج مدھیہ پردیش کے چھندواڑہ میں سی آئی آئی چھندواڑہ ہنرمندی کی تربیت کے سینٹر کی سالانہ تقریبات سے خطاب کیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان کو جس کی دنیا میں دوسری سب سے بڑی آبادی ہے ۔ آنے والے سالوں میں بڑے چیلنجوں کا سامنا کرناپڑے گا۔ اس کی آدھی آبادی 25 سال سے کم عمر کی ہے ۔ اگر ہماری کام کرنے والی نوجوان نسل کے پاس روزگار ہو تو وہ ایک اثاثہ ہوگی لیکن اگر ملک روزگار فراہم کرانے میں ناکام رہا تو پھر بے چینی اور مایوسی پیدا ہوگی۔صدر جمہوریہ نے کہا کہ روزگار حاصل کرنے کے لئے محض ڈگریاں کافی نہیں ہوں گی۔ ہنرمندی بہت ضروری ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ہماری یونیورسٹیاں اور کالج ہر سال ایک بڑی تعداد میں گریجویٹ پیداکرتے ہیں لیکن ان میں سے بہت سے گریجویٹ بے روزگار ہیں۔ ہمارے نوجوانوں کو روزگار کی ضرورت ہے ۔ دوسری طرف ہماری صنعت کو مناسب ہنرمند افرادی قوت تلاش کرنے میں مشکل پیدا ہورہی ہے ۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ دنیا کے جدید ملکوں میں اقتصادی ترقی ہورہی ہے ان میں سے بہت سے ممالک میں آبادی کم ہے ۔ البتہ ہندوستان اور چین جیسی ابھرتی ہوئی معیشتیں تیزی سے اقتصادی ترقی حاصل کررہی ہیں۔ لہٰذا ہم کو ہر ممکن طور پر ہنرمندی کے فروغ کی حوصلہ افزائی کرکے اس موقع کا فائدہ اٹھانا چاہئے ۔صدر جمہوریہ نے کہا کہ اس چیلنج سے نمٹنے کے لئے 2010 میں نیشنل اسکل ڈیولپمنٹ کونسل تشکیل دی گئی تھی۔ موجودہ حکومت نے 2014 میں ہنرمندی کے فروغ کے لئے ایک وزارت تشکیل دی تھی تاکہ بڑے پیمانے پر ہنرمندی کے فروغ کی ضرورت پر توجہ مرکوز کی جاسکے ۔

About the author

Tariq Hasan