بابا رام دیو نے ممتا بنرجی کی تعریف کے پل باندھے

کلکتہ3دسمبر (یو این آئی) ممتا بنرجی کوہندوستانی سیاست میں سادگی کی علامت قرار دیتے ہوئے یوگا گروبابا رام دیو نے آج کہا ہے کہ ممتا بنرجی نوٹ بند ی کے خلاف نہیں ہیں بلکہ وہ اس کے نفاذ کے طریقے کی مخالفت کررہی ہیں ۔بابارام دیو نے کہا کہ ممتا بنرجی کے ہوائی چپل اور ساڑی کی قیمت دو سو روپے سے زاید نہیں ہیں ۔اس لیے مجھے اس بات کا یقین نہیں ہے کہ وہ نوٹ بندی کی مخالف ہیں ۔وہ کالا دھن کی حمایت نہیں کرسکتی ہیں ، انہوں نے پوری زندگی سادگی سے گزاری ہے اور بدعنوانی کے خلاف لڑی ہیں ۔بابارام دیو نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ممکن ہے کہ ممتا بنرجی کو نوٹ بندی کے فیصلے کے نفاذ سے اختلافات ہو۔اور مجھے یقین ہے کہ وہ دل سے نوٹ بندی کی حمایت کرتی ہیں ۔پانچ سو اور ہزار روپے کے نوٹ پر پابندی سے متعلق بات کرتے ہوئے بابا رام دیو نے کہا کہ اس کے نفاذ کی وجہ سے عوام کو تکلیف کا سامناہے مگر یہ عارضی ہے ۔