بھارت جنوبی افریقہ میں 4 ٹسٹ میچ کھیلے گا

پورٹ ایلزبتھ ، 30 دسمبر (یو این آئی) ہندوستانی کرکٹ ٹیم اگلے سال 2017 کے آخر میں چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی۔کرکٹ جنوبی افریقہ (سی ایس اے ) نے اس کی تصدیق کی ہے ۔سی ایس اے نے بتایا کہ سال 2017 کے آخر اور 2018 کے شروع میں ہندستانی ٹیم اور آسٹریلوی ٹیم چار ٹسٹ میچوں کی سیریز کیلئے جنوبی افریقہ کے دورے پر آئیں گی۔سی ایس اے نے اگلے سیزن کے لئے اپنے پروگرام کے اعلان میں اس کی اطلاع دی ہے ۔ ہندستان اور آسٹریلیا کے علاوہ بنگلہ دیش بھی جنوبی افریقہ کے دورے پر جائے گا۔بورڈ نے بتایا کہ ہندستانی ٹیم 2017 کے آخری میں دورے پر آئے گی۔حالانکہ بورڈ نے میچوں کی تاریخوں کے بارے میں جانکاری نہیں دی ہے ۔ہندستان یہاں ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 میچ بھی کھیلے گا۔بنگلہ دیش 2017 کے ستمبر اکتوبر کے اپنے دورے میں دو ٹیسٹ، تین ون ڈے اور دو ٹوئنٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلے گا۔فروری مارچ 2018 میں آسٹریلوی ٹیم جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی جس میں وہ چار ٹیسٹ کھیلے گی۔میچوں کی تاریخوں کا ابھی تک فیصلہ نہیں کیا گیا ہے ۔جنوبی افریقہ سال کے آخر میں زیادہ تر ٹیسٹ سیریز منعقد کرتا ہے لیکن یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ ہندوستان یہاں کے دورے کے لیے تیار نہیں ہے ۔ہندستانی ٹیم نے آخری بار سال 2013 میں جنوبی افریقہ کا دورہ کیا تھا جہاں اس نے دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے کھیلے تھے ۔ میزبان ٹیم نے یہ سیریز 1۔0 سے جیت لی تھی جس میں اس نے دوسرا ٹیسٹ 10 وکٹ سے جیتا تھا اور ون ڈے سیریز 2۔0 سے جیت لی تھی۔جنوبی افریقہ نے 2015۔16 میں ہندوستان کا دورہ کیا تھا جو اس ٹیم کا یہاں سب سے طویل دورہ بھی تھا۔ہندستان نے اپنی میزبانی میں ہوئی چار ٹسٹ میچوں کی سیریز 3۔0 سے جیت لی تھی جبکہ جنوبی افریقہ نے ون ڈے سیریز 3۔2 سے اپنے نام کی تھی۔