جب کوئی انسان ارادہ کرلیتا ہے تو کامیابی خود بخود قدم چومتی ہے :پروفیسر عبدالغفور

پٹنہ:23 دسمبر(پریس ریلیز) جب کوئی انسان کسی کام کو کرنے کا ارادہ کرلیتا ہے تو کامیابی خود بخود اس کے قدم چومتی ہے ۔یہ بات اقلیتی فلاح وبہبود کے وزیر پروفیسر عبدالغفور نے ‘ ککچھ پال’ کے لئے منتخب لڑکے لڑکیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انوہں نے کہا کہ انسان کو اپنے حالات کو خود ہی بدلنے کی کوشش کرنی چاہئے کیو کہ جب تک خود کوئی کوشش نہیں کرتا اس وقت تک کوئی اس کی مدد نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ کسی اچھے کام کو کرنے میں شریعت کبھی زنجیر نہیں بنتی بلکہ شریعت ہمیں ایمان و یقین کے ساتھ آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتی ہے ۔حج بھون میں محکمہ اقلیتی فلاح و بہبود اور مولانا مظہرالحق یونیورسٹی کے تعاون سے جاری ‘ککچھ پال’کوچنگ پروگرام کے لئے منتخب طلبا و طالبات کو وزیر موصوف نے کہا کہ آپ حج بھون میں صرف جسمانی تربیت ہی نہیں لے رہے ہیں بلکہ آپ کو یہاں اسلامی تربیت بھی دی جارہی ہے جس سے آگے کی زندگی طے کرنے میں آپ کو مددملے گی۔ وزیرمحترم نے یہ بھی کہاکہ اپنے سماج میں بیداری لائیں اور ایک ایسی مثال پیش کریں کہ آپ کو دیکھ کر لوگ فخر کرسکیں اور حج بھون کی تربیت کا بھی اثر آپ کی شخصیت سے ظاہرہو۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہماری حکومت قوم کو آگے بڑھانے کے لئے پابند عہدہے ۔ ہم قوم کے لئے بہت کچھ کرنا چاہتے ہیں یہاں بی پی ایس سی کی بھی کوچنگ چل رہی ہے اور ہمای منشایہ ہے کہ سرکاری نوکری میں ہماری حصہ داری بڑھے اور ہماری ہمہ جہت ترقیوں کی رفتار تیز سے تیز تر ہوتی چلی جائے ۔اس سے قبل محکمہ کے پرنسپل سکریٹری عامر سبحانی نے کہا کہ ہماری ٹرنینگ میں ایک ترتیب پیدا ہورہی ہے اور ہم کامیابی کے تناسب کو بڑھانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جس طرح حج بھون میں کئی تربیتی کورس چلائے جارہے ہیں اسی طرح مختلف اضلاع میں بھی اس طرح کے کئی تربیتی کورس چلائے جائیں اس کے لئے فعال اداروں کو خود سامنے آکر ایسے تربیتی کورس شروع کرنے کا مزاج بنانا چاہئے ۔ ان کی کوشش ہوگی کہ انہیں محکمہ سے مالی تعاون بھی دیاجاسکے ۔مولانا مظہرالحق عربی و فارسی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اعجاز علی ارشد نے کہاکہ محکمہ اقلیتی فلاح و بہبودکے اس پروگرام کو آگے بڑھانے کے لئے ، معتبر حضرات کو سامنے آنے کی ضرورت ہے کچھ اداروں کو اچھے اساتذہ میسر ہیں، ان کے پاس عملے بھی اچھے ہیں اور انہیں بلڈنگ بھی میسر ہے ، لہٰذا انہیں اپنے ضلعوں میں ایسے پروگرام کرانے چاہئیں تاکہ قوم کے بچوں کا بھلا ہو۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ جو تھک کے بیٹھ جاتے ہیں وہ منزل کبھی نہیں پاتے ۔پروگرام کے آغاز میں مولانا مظہرالحق یونیورسٹی کے رجسٹرار جناب شرف الدین چودھری نے وزیر موصوف اور پرنسپل سکریٹری کا استقبال کیا اور پروگرام کی غرض و غایت بیان کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ مولانا مظہرالحق عربی و فارسی یونیوسٹی اس تربیتی پروگرام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے ۔ اس پروگرام میں رضوانہ پروین اور محمد عامرنے اس کوچنگ کی کھل کر تعریف کی اور بتایا کہ یہاں انہیں جسمانی تربیت اوراچھی غذا کے ساتھ اچھی دینی تربیت بھی مل رہی ہے جو ان سب کے لئے مشعل راہ ہے اور وہ لوگ اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کریں گے کہ حج بھون کی کوچنگ سے صدفی صد نتائج پاسکیں۔اس موقع پر اکسائز سپاہی کے طورپر جن لڑکے لڑکیوں نے کامیابی حاصل کی ہے ، انہیں وزیر موصوف نے تحائف پیش کرکے ان کا حوصلہ بڑھایا۔ آخر میں تبلیغی جماعت سے وابستہ انجینئر شمیم احمد نے کہا کہ اپنی تساہلی کو مقدر کا نام نہ دیں بلکہ یہ یاد رکھیں کہ آپ کی تقدیر آپ کی محنتوں میں پوشیدہ ہے ، انہوں نے اس بات کی بھی تعریف کی کہ پورے ہندوستان میں بہار ہی وہ واحد صوبہ ہے جو اقلیتی بچوں کے لئے ایسا تربیتی کورس چلارہا ہے ۔