شاہ رخ خان کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری

حیدرآباد 26دسمبر(یواین آئی )مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں فلم اداکار شاہ رخ خان کو آج ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دی گئی ۔ یونیورسٹی کے کانوکیشن کے موقع پر چانسلر ظفر سریش والا نے انہیں یہ ڈگری عطا کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شاہ رخ خان نے کہا کہ ان کی والدہ کے آبائی شہر حیدرآباد میں یہ اعزاز ملنے پر انہیں کافی مسرت ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج ان کے پاس بات چیت اور لب و لہجہ کا جو انداز ہے وہ ان کی والد کی بدولت ہے جنہیں اردو میں غیر معمولی مہارت حاصل تھی ۔ شاہ رخ خان نے مولانا آزاد یونیورسٹی چانسلر ظفر سریش والا اور وائس چانسلر پروفیسر اسلم پرویز کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے والد اردو اور فارسی کے ماہر تھے اور اگر ان کے والد یہ ڈگری دیکھتے تو کافی خوش ہوتے کیونکہ ان کے والد مولانا آزاد کے کافی بڑے مداح تھے ۔ انہوں نے انتخابات میں بھی آزاد امیدوار کے طور پر حصہ لیا تھا لیکن ان کی ضمانت ضبط ہوگئی تھی ۔ سریش والا نے اس موقع پر کہا کہ فن کے شعبہ میں شاہ رخ خان کی غیر معمولی خدمات پر انہیں یہ اعزازی ڈگری دی جارہی ہے ۔