وراٹ اور اشون ریکارڈ توڑنے اتریں گے

چنئی، 14 دسمبر (یواین آئی) کامیابی کے گھوڑے پر سوار ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی اور اپنی اسپن کے جادو سے دنیا کو حیرت زدہ کرنے والے آف اسپنر روی چندرن اشون جمعہ سے انگلینڈ کے خلاف یہاں ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں پانچویں اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ میں جب کھیلنے اتریں گے تو ان کا نشانہ بالترتیب 45 اور 33 سال پرانے ریکارڈ کو توڑنا ہوگا۔گواسکر نے 71۔1970میں اپنی پہلی ہی سیریز میں ویسٹ انڈیز کی سر زمین پر 774 رن بنانے کا جو ریکارڈ بنایا تھا وہ آج تک برقرار ہے ۔ یہی نہیں ہندوستانی ٹیسٹ تاریخ میں گواسکر واحد ایسے کھلاڑی ہیں جنہوں نے دو بار ایک سیریز میں 700 سے زیادہ رنز بنائے ہیں۔ اب کپتان کوہلی کے پاس آخری ٹیسٹ میں گواسکر کا ریکارڈ توڑنے کا پورا موقع رہے گا۔ممبئی میں چوتھے ٹیسٹ میں اپنے کیریئر کی بہترین 235 رن کی اننگز کھیلنے والے وراٹ موجودہ سیریز میں اب تک 128.00 کی اوسط سے 640 رنز بنا چکے ہیں جس میں دو سنچری اور دو نصف سنچریاں شامل ہیں۔ وراٹ کو گواسکر کے 45 سال پرانا ریکارڈ توڑنے کیلئے 135 رنز کی ضرورت ہے ۔وراٹ جس شاندار فارم میں کھیل رہے ہیں، اس سے تویہ ریکارڈ ٹوٹ سکتا ہے لیکن وراٹ کے راستے میں ‘وردا’ طوفان آ سکتا ہے جس نے تمل ناڈو میں تباہی مچائی ہے اور اس کا اثر چنئی ٹیسٹ پر بھی دکھائی دے سکتا ہے ۔ سابق ہندوستانی کپتان گواسکر نے ۔71۔ 1970کی سیریز میں چار ٹسٹ میچوں میں ہی 154.80 کی اوسط سے 774 رنز بنائے تھے ۔گواسکر نے اس کے بعد۔79۔ 1978میں ویسٹ انڈیز کے خلاف گھریلو سیریز میں چھ ٹسٹ میچوں میں 91.50 کی اوسط سے 732 رنز بنائے تھے ۔ان دونوں ہی سیریز میں گواسکر نے 4-4 سنچری بنائی تھی ۔