اسماعیل پرواز کی غزلوں کا مجموعہ’ زخم احساس‘ کی رونمائی

0
17

کولکاتا 22 جنوری(محمد نعیم) مغربی بنگال کے معروف شاعر و ادیب جناب اسماعیل پرواز کی غزلوں کا خوبصورت مجموعہ مغربی بنگال اردو اکیڈمی نے نجی اسکیم کے تحت نہایت سلیقے سے شائع کیا ہے۔مغربی بنگال اردو اکیڈمی کی اس نئی پہل کے تحت ایسے شعراءو ادباء جو اپنی تخلیقات کو منظر عام پر لانے سے قاصر تھے اردو اکیڈمی نے ان کی تصانیف کو شائع کرنے کا بیڑا اٹھایا ہے، اس مجموعے”زخم احساس” کا رسم رونمائی ملک کے مقبول شاعر جناب فراغ روہوی کے ہاتھوں ہوئی، رسم اجرا کے بعد فراغ روہوی صاحب نے”زخم احساس” کے متعلق گفتگو کے دوران جناب اسماعیل پرواز کو کئی رویوں سے کامیاب کہا ہے،مزید انہوں نے کہا کہ ان کی شاعری میں روایت پسندی ، ترقی پسندانہ رحجان کے ساتھ جدیدیت اور ما بعد جدیت کی روش کے صالح اصولوں کو اپناتے ہوئے غزلیں کہی ہیں۔اسماعیل پرواز صاحب نے اپنے تاثراتی تقریر میں مغربی بنگال اردو اکیڈمی کی کارکردگی کو اجاگر کرتے ہوئے خوب سراہا اور مغربی بنگال کی اقلیت نواز وزیر آعلی کی اردو نوازی کی تعریف کرتے ہوئے ایک قطعہ بھی پیش کیا۔واضح ہو کہ ہر سال کی طرح امسال بھی مغربی بنگال اردو اکیڈمی کا 10واں کل ہند کتابی میلہ 13 جنوری سے آراستہ کیا گیا ہے جو پوری آب و تاب کے ساتھ کامیابی کی طرف گامزن ہے جس میں ملک کے نامور پبلیشرز اپنی مطبوعات کے ساتھ اسٹال لگائے ہوئے ہیں اور کتابوں کے شوقین اس کتابی میلہ میں علم کی پیاس بجھانے کی خاطر کتابوں کا انتخاب کرتے نظر آئے،ہر دن ہونے والے علمی و ادبی سرگرمیوں نے اس اردو کتاب میلہ کی رونق میں چار چاند لگا دیئے ہیں۔اس مثالی تقریب میں پروفیسر نعیم انیس ، ڈاکٹر صباح اسماعیل ، معروف استاذالشعرائ حضرت قیصر شمیم ، پروفیسر عمر غزالی(ان کی کتاب امعان ادب کی رونمائی حضرت قیصر شمیم نے کی) جناب الیاس اصلاحی ، محفل خوش رنگ کے مدیر محمد افضل خان ، ادارہ سنکلپ ٹوڈے کے سکریٹری امتیاز بھارتیہ ، ڈاکٹر مشتاق انجم ، نسیم فائق ، ظہیر انور اور شاہد سلطان کے علاوہ مشہور نقیب اور شاعر ضمیر یوسف موجود تھے ، تقریب کی صدارت ڈاکٹر منال شاہ قادری(نائب چیئرمین اردو اکیڈمی)نے کی۔