آئی او اے نے کلماڈی اور چوٹالہ کوہٹایا

آئی او اے نے کلماڈی اور چوٹالہ کوہٹایا
نئی دہلی، 10 جنوری (یو این آئی) ہندوستانی اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او اے ) نے چوطرفہ تنازعہ میں گھرنے کے بعد بدعنوانی کے الزام سامنا کررہے سریش کلماڈی اور ابھے سنگھ چوٹالہ کی تاحیات صدر کے عہدے پر کی گئی تقرریوں کو منسوخ کر دیا ہے ۔کلماڈی اور چوٹالہ کی تقرریوں کے بعد مرکزی وزارت کھیل نے آئی او اے کو ان کے اس فیصلے کو واپس لئے جانے تک عارضی طور پر معطل کر دیا تھا۔ وزیر کھیل وجے کمار گوئل نے ان تقرریوں کو غلط بتاتے ہوئے آئی او اے کو وجہ بتاو نوٹس جاری کیا تھا اور ساتھ ہی اولمپک ایسوسی ایشن سے سبھی طرح کے تعلقات توڑنے کی دھمکی بھی دی تھی۔ آئی او اے نے اپنی عام میٹنگ میں بدعنوانی کے الزامات کا سامنا کر رہے کلماڈی اور چوٹالہ کو تاحیات صدر کے عہدے پر بنے رہنے کی تجویز منظور کی تھی۔ اولمپک ایسوسی ایشن نے تنازعہ کے باوجود اپنے اس فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ اعزازی عہدے ہیں اور یہ تقرریاں غیر آئینی نہیں ہیں۔ کھیلوں کی دنیا سے بھی ان تقرریوں پر سوال اٹھائے گئے تھے اور تنازعہ کے بعد 2010 کے دولت مشترکہ کھیلوں میں بدعنوانی کے لیے جیل جا چکے کلماڈی نے اپنے عہدے کو قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ اس کے بعد چوٹالہ نے بھی ایسوسی ایشن کے لیے اپنے عہدے کو چھوڑنے کی پیشکش کی تھی۔ چوٹالہ نے حال ہی میں میڈیا کو جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ اگر بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) انہیں عہدے سے ہٹنے کے لیے کہے گا تو وہ عہدہ چھوڑ سکتے ہیں۔