امیتابھ بچن کوتپ دق کے خاتمے کیلئے امریکی ایوارڈ

ممبئی15جنوری(پی ایس آئی) بولی وڈ میگا اسٹار امیتابھ بچن کو حال ہی میں امریکی قونصل خانے کی جانب سے امریکا بھارت کے اشتراک سے تپ دق کے خاتمے کی کوششوں کے سلسلے میں اسٹار کی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ سے نوازا گیا، بگ بی نہ صرف اس اقدام کے برانڈ ایمبیسڈرہیں بلکہ وہ تپ دق کے مرض سے شفایاب بھی ہوچکے ہیں۔یہ ایوارڈ بھارت میں امریکا کے سفیر رچرڈ آر ورما نے پنک کے اسٹار کو پیش کیا۔فیس بک پر سماجی رابطے کی سائٹ کے صارفین سے براہ راست بات چیت کرتے ہوئے رچرڈ آر ورما نے امریکا کے اشتراک سے بھارت میں تپ دق کے خاتمے کی کوششوں کے سلسلے میں امیتابھ بچن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ میں اس مقصد کیلئے امیتابھ بچن کی خدمات ، حمایت اور مرض سے شفا پانے کی کہانی عوام سے شیئر کرنے، تپ دق سے جڑے اسٹگما کو کم کرنے پر ان کا شکر گزار ہوں۔جس کے جواب میں امیتابھ بچن نے کہا کہ بھارت میں تپ دق کے خاتمے ،علاج، تحقیق اور صحتیابی کے حوالے سے امریکا کے تعاون کی طویل تاریخ کافی متاثر کن ہے،اور مجھے امید ہے کہ اس پارٹنر شپ میں میرا حصہ جاری رہے گا۔