صدر نے 31جنوری سے راجیہ سبھا کا اجلاس طلب کیا

نئی دہلی، 07 جنوری (یواین آئی) صدر پرنب مکھرجی نے راجیہ سبھا کا بجٹ اجلاس 31 جنوری سے طلب کیا ہے ۔راجیہ سبھا سکریٹریٹ کی ایک ریلیز کے مطابق صدر پرنب مکھرجی نے راجیہ سبھا کا اجلاس 31 جنوری سے بلایا ہے ، جو 12 اپریل تک چلے گا۔مرکزی کابینہ کی پارلیمانی امور کی کمیٹی نے اس ہفتے کے آغاز میں پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس 31 جنوری سے بلانے کی صدر سے سفارش کی تھی۔اس درمیان، اپوزیشن پارٹیوں کے بیشتر ممبران پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات سے پہلے بلائے جانے کے حکومت کے فیصلے کی مخالفت کر رہے ہیں۔ اتر پردیش، اتراکھنڈ، پنجاب، منی پور اور گوا میں چار فروری سے آٹھ مارچ تک اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔کانگریس، بہوجن سماج پارٹی، سماجوادی پارٹی، ترنمول کانگریس اور کچھ دیگر اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ بجٹ میں کئے جانے والے اعلانات سے حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی انتخابی فائدہ اٹھا سکتی ہے اور انتخابی اخلاق نافذ ہو چکا ہے ، اس وجہ سے انتخابات سے پہلے عام بجٹ پیش کیا جانا غیر منصفانہ ہو گا۔ ان پارٹیوں نے صدر کو اس سلسلے میں خط لکھا تھا اور الیکشن کمیشن سے مل کر بھی ایک میمورنڈم سونپا تھا۔اس کے پیش نظر کمیشن نے حکومت سے اس سلسلے میں رائے مانگی ہے ۔