مرکز میں بی جے پی کے رہتے ختم نہیں ہوگا ریزرویشن:شاہنواز

سمستی پور، 22 جنوری (یو این آئی)بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی ترجمان اور سابق مرکزی وزیر سید شاہنواز حسین نے اترپردیش اسمبلی انتخابات کے لئے حکمراں سماج وادی پارٹی (ایس پی) اور کانگریس میں ہوئے اتحاد کو بے میل جماعتوں کا اتحاد قرار دیا اور کہا کہ اتحاد کے باوجود اترپردیش میں سماج وادی پارٹی اقتدار میں واپس نہیں لوٹنے والی ہے ۔مسٹر حسین آج یہاں صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ کانگریس موقع پرست پارٹی ہے اور اسی کا نتیجہ ہے کہ موقع دیکھ کر پارٹی نے اتر پردیش انتخابات میں سماج وادی پارٹی سے اتحاد کیا ہے ۔ اتحاد ہونے کے بعد بھی اترپردیش میں دوبارہ اکھلیش حکومت بننے والی نہیں ہے ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ اتر پردیش کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی مکمل اکثریت حاصل کرے گی اور اگلی حکومت بی جے پی کی ہی بنے گی۔ بی جے پی ترجمان نے ریزرویشن کے معاملے پر جاری تنازعہ پر پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مرکز میں جب تک بی جے پی اتحاد کی حکومت رہے گی، تب تک ریزرویشن کو کوئی ختم نہیں کر سکتا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کبھی بھی ریزرویشن کے خلاف نہیں رہی ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ آر ایس ایس کی جانب سے ریزرویشن پر دیے گئے بیان کو راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) سپریمو لالو پرساد یادو غلط بیان بازی کرکے ملک کے لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔مسٹر حسین نے نشہ سے پاک مہم کے لئے انسانی زنجیر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی نتیش کمار شراب بندی کی طرح ریاست کو جرائم سے پاک بنانا چاہئے ۔ بہار میں آج جرائم کا گراف ملک کی تمام ریاستوں میں سب سے اوپر ہے اور بہار کے باشندگان اس¸ خوف میں گرفتار ہیں۔ اس پریس کانفرنس میں بی جے پی کے سینئر لیڈر گوپال شرن سنگھ، نگرکونسلر منوج کمار جیسوال ، راکیش کمار اور بی جے پی کسان سیل کے ریاستی ورکنگ کمیٹی کے رکن شیلندر کمار سنگھ سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔