نوٹ بندی کے بعد اندازہ سے بھی کم رہے گا جی ڈی پی:چدمبرم

نئی دہلی، 7جنوری (یو این آئی) کانگریس نے آج کہا کہ حکومت نے مجموعی گھریلو پیداوار(جی ڈی پی) شرح کے سلسلے میں جو اندازہ ظاہر کیا ہے نوٹ بندی کی وجہ سے یہ اس سے بھی کم رہے گی۔کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم نے پارٹی کے پیج پر ٹوئٹ کرکے کہا کہ نوٹ بندی کے بعد ترقی کی شرح حکومت کے اندازہ سے بھی کم رہے گی۔جی ڈی پی کے ایک فیصد کم رہنے کا مطلب ڈیڑھ لاکھ کروڑ روپے کا نقصان ہے ۔انہوں نے کہاکہ ملک کی ترقی کی شڑح کم رہنے کا اندازہ پہلے ریزرو بینک نے لگایا تھا اور اب اسی طرح کا اندازہ مرکزی شماریاتی دفتر نے بھی ظاہر کیا ہے ۔ دونوں اندازوں کے سامنے آنے کے بعد حکومت کے ترقیاتی شرح کے دعوے کی قلعی کھل گئی ہے ۔خیال رہے کہ حکومت نے کل تعمیرات ، کان اور کان کنی، پروڈکشن اور ٹریڈ، ہوٹل اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں سستی آنے سے رواں مالی سال میں ترقی کی شرح 7.1 فیصد رہنے کا پہلا پیشگی اندازہ ظاہر کیا ہے جب کہ 2015-16 میں جی ڈی پی کی شرح 7.6فیصد تھی۔