وراٹ تینوں فارمیٹ میں بن جائیں گے کپتان

ممبئی، 05 جنوری (یو این آئی) مہندر سنگھ دھونی کے ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 ٹیموں کی کپتانی چھوڑنے کے چونکانے والے فیصلے کے بعد اب یہ صاف ہو گیا ہے کہ ٹیسٹ کپتان وراٹ کوہلی کھیل کے تینوں فارمیٹ میں ٹیم انڈیا کی کپتانی سنبھالیں گے ۔قومی سلیکٹر جمعہ کو انگلینڈ کے خلاف تین ون ڈے اور تین میچوں کی ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل سیریز کے لئے جب ٹیم کا انتخاب کریں گے تو بلے باز وراٹ کوہلی کو ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 ٹیموں کا کپتان بنانا طے ہے ۔وراٹ نے گزشتہ سال ٹیسٹ میچوں میں ہندستانی ٹیم کو نمبر ون بنانے کے ساتھ ساتھ نئی بلندیوں پر بھی پہنچا دیا۔وراٹ تاہم 17 ون ڈے میچوں میں ہندستان کی کپتانی کر چکے ہیں لیکن یہ کپتانی انہوں نے ایسے وقت کی تھی جب سلیکٹرز نے دھونی کو ریسٹ دیا تھا۔وراٹ پہلی بار ٹوئنٹی 20 ٹیم کی کپتانی بھی سنبھالیں گے ۔ٹوئنٹی 20 میں دھونی کے علاوہ وریندر سہواگ نے ایک میچ میں، سریش رینا نے تین میچوں میں اور اجنکیا رہانے نے دو میچوں میں ٹوئنٹی 20 ٹیم کی کپتانی کی ہے ۔دھونی کے اچانک کپتانی چھوڑنے کے فیصلے کے بعد وراٹ کو تینوں فارمیٹس کی ذمہ داری سپرد کی جانی یقینی ہے ۔سلیکٹرز کو وراٹ کو کپتان بنانے کے بارے میں زیادہ سوچنا نہیں چاہئے لیکن انہیں کھلاڑیوں کی انجری کی وجہ سے ٹیم منتخب کرنے میں ضرور جدوجہد کرنی پڑے گی۔