گنگولی نے بنگال گلوبل بزنس سمٹ کا افتتاح کرکے سب کو حیران کردیا

کلکتہ20جنوری (یو این آئی)مغربی بنگال حکومت نے آج اس وقت سب کو حیران کردیا جب ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر سوربھ گنگولی کو بنگال گلوبل بزنس سمٹ میں افتتاحی خطاب کیلئے مدعوکردیا۔اس موقع پر سابق کپتان نے بھی کہا کہ گزشتہ دنوں ریاستی وزیر خزانہ امیت مترا نے انہیں فون پر بنگال گلوبل بزنس سمٹ کے افتتاحی تقریر کی دعوت دی تو وہ حیران رہ گئے ۔سوربھ گنگولی نے سرمایہ کاروں سے اپیل کہ وہ بنگال میں سرمایہ کاری کریں ، یہاں نوجوانوں کی ایک بڑی تعدا د موجود جو ہنر مند و قابل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہاں 24-30سال کی عمر کے نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کی بڑی تعداد ہے جو صنعت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ممتا بنرجی کی قیادت میں بنگال کئی شعبوں میں ترقی کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان کا تعلق کھیل کے شعبے سے ہے ۔مگر کھیل کے شعبے میں بھی سرمایہ کاری کے بہت سارے امکانات ہیں بالخصوص بنگال میں بہت ہی امکانات ہیں کیوں کہ یہاں کے نوجوان بہت ہی شوق سے فٹ بال اور کرکٹ کھیلتے اور دیکھتے ہیں ۔مسٹرکنگولی نے کہا کہ ان کا خاندانی پس منظر کارو باری ہے مگر وہ بہت ہی چھوٹا ہے اس لیے بنگال گلوبل بزنس سمٹ میں شرکت ان کیلئے بڑے اعزاز کی بات ہے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال انہوں نے پہلی مرتبہ بنگال گلوبل بزنس سمٹ میں شرکت کی تھی ۔اس وقت یہاں پر مکیش امبانی موجود تھے ۔انہوں نے جیو کے ذریعہ بنگال میں سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند دہائیوں میں بنگال میں صنعت زوال پذیر ہوئی ہے مگر اب ایک بار پھر بنگال ترقی کی طرف گامزن ہے ۔انفراسٹرکچر بہتر ہورہا ہے ، سڑکیں ، زراعت اور تعلیم کے شعبے میں بہتری آئی ہے ۔انہوں نے ٹی وی شو کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے صنعت کاروں کیلئے ایک ٹاک شو کا اہتمام کیا گیا تھا۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس کی توسیع ملک گیر سطح پر ہو۔دوسری جانب مشہور صنعت کار سنجیو گوئنگا نے آج بنگال گلوبل بزنس سمٹ میں آج اعلان کیا ہے۔
کہ وہ اگلے پانچ سال میں بنگال میں 10000ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کریں گے ۔اس کے علاوہ اے ئر ٹیل وی سی راکیش بھارتی متل نے بھی اگلے تین برسوں میں بنگال میں3,000-4,000کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے ۔