ہم انسان سے جانور بن رہے ہیں:اکشے کمار

بنگلور ۔6جنوری(ےواین این )بنگلور میں سال نو کے موقع پر نوجوان لڑکیوں اور خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے والے واقعات کے بعد بولی وڈ اداکار اکشے کمار نے اپنے فیس بک اکاونٹ پر ایک ویڈیو ریلیز کی، جس میں انہوں نے اس واقع کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔اکشے کمار نے ویڈیو شیئر کرنے کے ساتھ لکھا کہ بنگلور میں ہوئے واقع سے مجھے ایسا محسوس ہورہا ہے جیسے ہم پیچھے جارہے ہیں، انسان سے جانور بن رہے ہیں، بلکہ حیوان، کیوں کہ جانور بھی ہم سے بہتر ہیں، یہ شرمناک واقعہ ہے۔اکشے نے کہا کہ جس معاشرے میں خواتین کی عزت نہیں کی جاتی ہے وہ ایک انسان دوست معاشرہ کہلانے کے لائق نہیں، لڑکیوں کو چاہیے اپنے دفاع کے لیے مارشل آرٹ سیکھیں-اکشے کا ویڈیو میں کہنا تھا کہ آج اپنے انسان ہونے پر شرم آرہی ہے، میں ایک بیٹی کا باپ ہوں، جو سماج اپنی عورتوں کو عزت نہیں دے سکتا اسے انسانی معاشرہ کہنے کا حق نہیں ہے، اس سے زیادہ شرمناک بات یہ ہے کہ کچھ لوگ راہ چلتے لڑکیوں کو ہراساں کیے جانے کی بھی جواز دیتے ہیں۔