وراٹ کو ون ڈے اور ٹی20۔کی کپتانی، یوراج کی واپسی

ممبئی، 6 جنوری (یو این آئی) قومی سلیکٹروں نے کامیابی کے گھوڑے پر سوار ٹیسٹ کپتان وراٹ کوہلی کو ہندوستان کی ون ڈے اور ٹوئنٹی -20 ٹیموں کا بھی جمعہ کو کپتان مقرر کر دیا اور آل را¶نڈر یوراج سنگھ کی ایک بار پھر ٹیم انڈیا میں واپسی ہو گئی ۔ملک کے سب سے زیادہ کامیاب کپتان مہندر سنگھ دھونی کے بدھ کو محدود اوورز کی ٹیموں کی کپتانی چھوڑنے کے بعد اب وراٹ کو سرکاری طور پر ان دونوں فارمیٹ میں ہندوستانی کپتان بنا دیا گیا ہے ۔ وراٹ ون ڈے اور ٹوئنٹی -20 ٹیموں کے ایک ساتھ کپتان کے طور پر اپنی پہلی ذمہ داری انگلینڈ کے خلاف 15 جنوری سے شروع ہونے والی دونوں سیریز میں سنبھالیں گے ۔ وراٹ اب اس طرح کھیل کے تینوں فارمیٹ میں ہندوستان کے کپتان بن گئے ہیں۔قومی چیف سلیکٹر ایم ایس کے پرساد نے سلیکشن کمیٹی کے اجلاس کے بعد دونوں ٹیموں کا اعلان کیا۔دونوں ٹیموں میں وکٹ کیپر بلے باز مہندر سنگھ دھونی کو شامل کیا گیا ہے ۔دھونی نے محدود اوورز کی کپتانی چھوڑتے وقت کہا تھا کہ وہ ایک کھلاڑی کے طور پر کھیلنے کے لئے دستیاب ہوں گے ۔پرساد نے نامہ نگاروں سے کہاکہ ہم نے ایک بہترین ٹیم چنی ہے جو ہمیں بہترین نتائج دے سکتی ہے ۔یوراج کی واپسی پر پرساد نے کہا کہ اس آل را¶نڈر نے گھریلو سیزن میں کافی اچھی کارکردگی کی ہے اور ان کی اس کارکردگی کی تعریف ہونی چاہیے ۔ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 ٹیموں کو منتخب کرنے کے لئے اجلاس میں اس بات کو لے کر تاخیر ہو گئی تھی کہ سپریم کورٹ کے دو جنوری کے حکم کے بعد پروٹوکول کے حوالے سے کشمکش کی حالت تھی۔اس حکم کے بعد بی سی سی آئی کے زیادہ تر اعلی عہدیدار اس کے پاس نہیں تھے ۔ اجلاس کو دوپہر ساڑھے 12 بجے شروع ہونا تھا لیکن یہ سوا تین بجے جاکر شروع ہو پایا۔ٹیموں کے انتخاب کے لیے اب تک یہی عمل تھا کہ بی سی سی آئی کے سیکرٹری اجلاس بلاتے تھے لیکن سیکرٹری اجے شرکے کو سپریم کورٹ نے مسترد کر دیا تھا۔جوائنٹ سکریٹری امیتابھ چودھری نے جمعہ کو بی سی سی آئی کے سی ای او راہل جوہری سے اجلاس کو شام تک تاخیر کرنے کے لئے کہا تاکہ وہ ممبئی میں منتخب مقام تک پہنچ سکیں۔جوہری نے لوڈھا کمیٹی کے سیکرٹری گوپال شنکرنارائن سے اس بارے میں پوچھا جن کا جواب تھا کہ چودھری لوڈھا کمیٹی کی سفارشات کے تحت اب عہدیدار نہیں رہ گئے ہیں اور اجلاس شیڈول کے مطابق ہونا چاہیے ۔شنکرنارائن نے دوپہر دو بج کر آٹھ منٹ پرجوہری کو بھیجے ای میل میں کہا کہ چودھری اب نااہل ہو چکے ہیں اور وہ نہ تو بی سی سی آئی اور نہ ہی ریاستی یونین کے عہدیدار رہ گئے ہیں۔اس لئے ان کے پاس بی سی سی آئی میں مداخلت کرنے کا کوئی حق نہیں ہے ۔سی ای او نے اپنا ای میل لوڈھا کمیٹی کو ایک بج کر 33 منٹ پربھیجا تھا جبکہ چودھری نے اس سے پہلے سلیکشن میٹنگ کو تاخیر سے کرانے کی اپیل کی تھی۔لوڈھا کمیٹی نے چودھری کو ہی سرے سے مسترد کر دیا جس کے بعد اجلاس تاخیر سے شروع ہوا اور دونوں ٹیموں کا اعلان کیا گیا۔دسمبر کے شروع میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے یوراج نے اپنا آخری ون ڈے 11 دسمبر 2013 کو اور آخری ٹوئنٹی 20 میچ 27 مارچ 2016 کو کھیلا تھا۔یوراج نے اس رنجی سیزن میں مدھیہ پردیش کے خلاف 177 اور 76، بڑودا کے خلاف 260 اور اتر پردیش کے خلاف 85 رنز جیسی اننگز کھیلی تھیں۔35 سالہ یوراج کی اس طرح ہندستانی ون ڈے ٹیم میں تین سال بعد جاکر واپسی ہو گئی۔ یوراج نے 293 ون ڈے میں 8329 رنز اور 55 ٹوئنٹی 20 میں 1134 رنز بنائے ہیں۔نوجوان وکٹ کیپر بلے باز دہلی کے رشبھ پنت کا ٹوئنٹی 20 ٹیم میں انتخاب خوشگوار رہا جبکہ اجنکیا رہانے کو ٹوئنٹی 20 ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔دونوں ٹیموں میں آف اسپنر روی چندرن اشون شامل ہیں جو حال میں چوٹ کی وجہ سے تمل ناڈو کے رنجی میچ کا حصہ نہیں بن پائے تھے ۔19 سالہ رشبھ پنت نے اس رنجی سیزن میں اپنی بہترین کارکردگی سے سب کی توجہ اپنی طرف کھینچی ۔ انہوں نے اس سیزن میں آسام کے خلاف 40، مہاراشٹر کے خلاف 308، آسام کے خلاف 117 اور راجستھان کے خلاف 75 رنز کی بہترین اننگز کھیلی۔انہوں نے اپنے 308 رنز محض 326 گیندوں میں 42 چوکوں اور نو چھکوں کی مدد سے بنائے تھے ۔رشبھ نے 10 فرسٹ کلاس میچوں میں 1080 رنز بنانے کے علاوہ وکٹ کے پیچھے 31 شکار بھی کیے ہیں۔اس دوران رشبھ نے 114 چوکے اور 53 چھکے بھی مارے ۔اجلاس میں وراٹ کو کپتان مقرر کرنا محض رسمی ہی تھا۔ وراٹ اس سے پہلے 17 ون ڈے میچوں میں ہندستان کی کپتانی کر چکے تھے لیکن یہ کپتانی انہوں نے ایسے وقت کی تھی جب سلیکٹرز نے دھونی کو آرام دیا تھا۔وراٹ پہلی بار ٹوئنٹی 20 ٹیم کی کپتانی سنبھالیں گے ۔انگلینڈ کے خلاف پہلا ون ڈے پنے میں 15 جنوری کو کھیلا جائے گا۔دوسرا ون ڈے 19 جنوری کو کٹک میں اور تیسرا ون ڈے 22 جنوری کو کولکتہ میں ہوگا۔پہلا ٹوئنٹی 20 26 جنوری کو کانپور میں، دوسرا 29 جنوری کو ناگپور میں اور تیسرا یکم فروری کو بنگلور میں کھیلا جائے گا۔دونوں ٹیمیں اس طرح ہیں:ون ڈے ٹیم:وراٹ کوہلی (کپتان)، لوکیش راہل، شکھر دھون، مہندر سنگھ دھونی، منیش پانڈے ، کیدار جادھو، یوراج سنگھ، اجنکیا رہانے ، ہردک پانڈیا، روی چندرن اشون، رویندر جڈیجہ، امت مشرا، جسپریت بمراھ، بھونیشور کمار اور امیش یادو۔ٹوئنٹی 20 ٹیم:وراٹ کوہلی (کپتان)، لوکیش راہل، مندیپ سنگھ، مہندر سنگھ دھونی، منیش پانڈے ، سریش رینا، یوراج سنگھ، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، ہردک پانڈیا، روی چندرن اشون، رویندر جڈیجہ، یجویندر چہل، جسپریت بمراہ ، بھونیشور کمار اور اشیش نہرا۔