آج کا شماره | اردو | हिन्दी | English
Sports

ہندستان کو ہرانا چیلنج ہو گا :مورگن

3gduepif0t1ugy8h4xmdoxojbzmtt2bj
Written by Tariq Hasan

ممبئی، 09 جنوری (یو این آئی) انگلینڈ کے محدود اوور کپتان ایون مورگن نے کہا ہے کہ ہندستانی ٹیم کو گھریلو میدان پر ون ڈے سیریز میں ہرانا آسان نہیں ہوگا۔مورگن نے یہاں صحافیوں سے کہا کہ ہم ہندستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے تیار ہیں۔ لیکن ہندستان کے خلاف اس کی زمین پر کھیلنا خاص تجربہ رہے گا۔ہندوستان ایک مضبوط ٹیم ہے اور انہیں ان کی گھریلو کنڈیشن میں ہرانا آسان نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یہ محدود اوور سیریز ہے لیکن یہاں کافی تجربہ ملے گا۔مورگن اور ٹیم کے ساتھی جوس بٹلر نے سیریز سے پہلے نیٹ پریکٹس میں بھی حصہ لیا۔اس درمیان بٹلر نے کہا کہ ون ڈے سیریز ٹیسٹ سیریز سے الگ ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ٹیسٹ سیریز میں کھیلنے سے یہاں کے حالات کا تجربہ ہو گیا ہے جو ہمارے لئے فائدہ مند ہو گا۔بٹلر نے کہا کہ ون ڈے سیریز ٹیسٹ فارمیٹ سے بالکل مختلف ہوگی۔ون ڈے میں ہمارے پاس بالکل مختلف ٹیم ہے ۔ تاہم ہمیں خود کو اس کے لیے بھی نئے سرے سے تیار کرنا پڑے گا کیونکہ ٹیسٹ سے خود کو ون ڈے کے مطابق ڈھال لینا آسان نہیں ہوتا ہے ۔ون ڈے سیریز میں اب مہندر سنگھ دھونی کے بجائے وراٹ کوہلی کی کپتانی میں ہندستانی ٹیم کے کھیلنے کے سوال پر مورگن نے کہا کہ وراٹ ایک بہترین کھلاڑی ہیں۔لیکن ہمیں اس بات سے فرق نہیں پڑتا ہے کہ مخالف ٹیم کا کپتان کون ہوگا۔ہماری توجہ صرف ہمارے کھیل پر ہے ۔ انگلینڈ کو ٹیسٹ سیریز میں ہندستان سے 0۔4 سے شکست کھانی پڑی تھی۔دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز 15 جنوری سے پنے میں شروع ہوگی۔ہندستان کے خلاف سیریز سے پہلے صرف دو پریکٹس میچوں کے سوال پر انہوں نے کہا کہ جو بھی ون ڈے سیریز ہم کھیلتے ہیں اس کے لئے ہمیں کافی تیاری کرنی پڑتی ہے ۔
اس لئے دورے سے پہلے ہی کھلاڑیوں کی تیاریاں شروع ہو چکی ہیں۔اس لئے ہم پریکٹس میچوں پر ہی منحصر نہیں ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہندستان کے خلاف کھیلنا ہمارے لئے ہمیشہ ہی مشکل ہوتا ہے ۔ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمیں یہاں کھیلنے کو ملا ہے ۔یہ کھیلنے کے لحاظ سے ایک بہترین جگہ ہے جہاں لوگ کرکٹ کو بہت پسند کرتے ہیں اور بڑی تعداد میں میچوں کو دیکھنے پہنچتے ہیں۔
ہماری ٹیم کا ہر کھلاڑی آئندہ سیریز کو لے کر بہت حوصلہ افزا ہے ۔بٹلر نے کہاکہ کرسمس سے پہلے ہمیں یہاں کی اسپن پچوں پر کھیلنے کا کافی موقع ملا۔ہماری تیاری بھی اچھی ہے اور ون ڈے سیریز میں ہم ہندستان کو ٹکر دینے کے لئے تیار ہیں۔

About the author

Tariq Hasan