علی گڑھ بچوں کا گھر ‘کے طلبا کی ایجوکیشنل ٹورسے واپسی پر استقبالیہ پروگرام

علی گڑھ 9 جنوری ( پریس ریلیز)’علی گڑھ بچوں کا گھر‘ کے طالب علموںکے پندرہ روزہ ایجوکیشنل ٹورسے واپسی پر ان کا استقبال کرتے ہوئے ادارہ کے چیر مین امان اللہ خاں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو سفر کی ترغیب اِس لئے دی ہے کہ وہ روئے زمین پر گھوم پھر کر اللہ کی نعمتوں کو چشمِ بینا سے دیکھے،ان پر شکریہ ادا کرے، اچھائیوں کو اپنانے اور برائیوں سے بچنے بچانے کی کوشش کرے۔ الحمد اللہ ’علی گڑھ بچوں کا گھر ‘کے بچے حسبِ سابق اِس سال بھی تعلیمی دورے سے کل رات کو آگرہ ہوتے ہوئے علی گڑھ واپس آگئے ہیں جس سے ہماری حوصلہ افزائی ہو رہی ہے۔امان اللہ خاں نے مزید بتایا کہ’ علی گڑھ بچوں کا گھر‘ وجود میں آنے کے بعد مسلسل اس بات کے لئے کوشاں رہا ہے کہ ان بچوں کو محرومی و یتیمی کا احساس نہ ہو اس کے پیشِ نظر ہر سال بچوں کو مُلک کے مختلف شہروں میں معلومات میں اضافہ اور ذہن کو خوشگوار بنانے کی خاطر تعلیمی ٹور پر بھیجا جاتا ہے جس کے تمام اخراجات بچوں کاگھر کے مخیرحضرات اپنے ذمے لیتے ہیں۔اللہ تعالیٰ سے ان کے لئے اجرِعظیم کی دعا ہے۔سالِ رواں میں یہ ٹور مغربی بنگال اور بہار کے معروف شہروں میں گیا جہاں کے صاحبِ ثروت حضرات نے ان بچوں کا خیر مقدم کیا اور ضیافت کے فرائض انجام دئے۔
اس موقع پر بچوں نے بھی اپنے تجرباتِ سفر بیان کئے۔ بچوں کا عام تاثریہی تھا کہ اس تعلیمی سفر سے ان کو بہت زیادہ فائدے حاصل ہوئے ہیںاور بچوں نے بتایاکہ بہت سے مقامات کے بارے میں ہم نے سن رکھا تھا اور انہیں دیکھنے کی تمنا تھی الحمد اللہ اس سفر سے ہماری اس خواہش کی تکمیل ہوئی اس کے لئے ہم اللہ رب العزّت کے شکر گزار ہیں اور بچوں کے گھر کے چیر مین محترم جناب امان اللہ خاں صاحب کے بھی مشکور ہیں جو اپنی خصوصی توجہ سے ہم کو ہر سال کسی نہ کسی جگہ کی سیر کراتے ہیں- محترم عبدالمنان اورانیس احمدنے اس سفر میں جس ذمہ داری کے ساتھ ہم لوگوں کو ہر جگہ پر گھومنے پھرنے، کھلانے پلانے کا خیال رکھا اس کو فراموش نہیں کیا جاسکتا- ہم ان کے لئے دعاﺅں کی سوغات پیش کرتے ہیں-جگہ جگہ پر مقامی افراد نے جس طرح ضیافت کی وہ بھی ناقابلِ فراموش ہے۔-اس تعلیمی سفر کے اختتام پر جبکہ بچوں کو پٹنہ سے علی گڑھ کے لئے متعینہ پروگرام کے مطابق بذریعہ مگدھ اکسپریس علی گڑھ واپس ہونا تھالیکن اچانک ٹرین کینسل ہوجانے کے سبب انہیں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا لیکن اس دشوار صورتِ حال کو بھی بچوں نے مثبت طور پر لیتے ہوئے سفر میں پیش آنے والی پریشانیوں سے اپنے لئے سبق سیکھنے کے پہلو تلاش کئے-اس تعلیمی ٹور کے منتظمین بالخصوص عبدالمنان صاحب نے متبادل انتظام کر کے بچوں کو پٹنہ سے آگرہ ہوتے ہوئے بخیر و عافیت علی گڑھ پہنچایا-
پروگرام کے اختتام پر امان اللہ خاں نے نئی تعلیمی میقات کے لئے داخلوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ علی گڑھ میں اپنے کامیاب تجربے کے بعد ادارے نے کفالت کی شکل میں اپنی خدمات کی توسیع شمالی ہند کے دیگر علاقوں تک کرد ی ہے-لہٰذا تعلیم کی سہولیات سے استفادہ کے لئے مستحق یتیم بچے بچیاں ( جن کی عمر ۶ برس سے ۰۱ برس ) تک ہو کے سرپرست حضرات بچوں کے داخلے کے لئے ان کی تاریخِ پیدائش اور یتیم ہونے کی سند کے ساتھ ایک ماہ کے اند’ر علی گڑھ بچوں کا گھر‘کے صدر دفتر ’رحمت کدہ‘ آزاد، نگر دودھ پور، علی گڑھ کو درخواست ارسال فرمائیں- علی گڑھ بچوں کا گھر ان کی مکمل کفالت کے لئے اپنی خدمات پیش کرنے کے لئے تیار ہے کیوں کہ انہیں اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہمارا فریضہ ہے -ہماری ذرا سی توجہ سے ان کا مستقبل سنور سکتا ہے-