خورشید عالم کاکوی کا ناگہانی انتقال،نماز جنازہ آج 2بجے

پٹنہ ،29جنوری (اسٹاپ رپورٹر)معروف صحافی خورشید عالم کاکوی کا ناگہانی انتقال اتوار کی صبح 9بجے پٹنہ سیٹی کے صادق پور لین واقع ان کی رہائش پر ہو گیا ۔ان کے انتقال سے ادبی و صحافتی دنیا کو جو نقصان ہواہے اس کا ازالہ ممکن نہیں ہے ۔بتایاجاتاہے کہ وہ صبح تک بالکل ٹھیک ٹھاک تھے۔ اچانک ان کی طبعیت بگڑی اور جب تک ان کا علاج شروع ہوتا وہ اس دنیا کو الوداع کہہ چکے تھے ۔ان کے پسماندگان میں اہلیہ کے ساتھ ایک بیٹااور دو بیٹیاں ہیں ۔خورشید کاکوی کی عمر تقریباً 60سال کی تھی ادبی و صحافتی دنیامیں وہ آخر آخر تک سرگرم تھے ۔سوشل میڈیا میں بھی وہ کافی اکٹیو تھے ۔بحیثیت شاعروادیب بھی اپنی خاص پہچان رکھتے تھے ۔ان کی کئی کتابیں مقبول عام ہوچکی ہیں۔ان کے کئی مسودات طباعت سے محروم رہ گئے ہیں ۔جیسے ہی ان کے انتقال کی خبرآج صبح سوشل میڈیا پر عام ہوئی پوری ادبی دنیامیں غم کی لہر دوڑ گئی ۔ان کا حلقہ احباب بھی بہت بڑاتھا۔پٹنہ میں رہنے والے دوست احباب ان کے گھر کی طرف دورپڑے ۔آخر آخر تک کسی کو یقین ہی نہیں ہورہاتھا کہ وہ اس دنیائے فانی سے عالم جاودانی کی طرف کوچ کرگئے ہیں ۔ان کے متعلقین کے مطابق ان کی نماز جنازہ سموار کو 2بجے مدرسہ سلیمانیہ کے احاطہ میں اد ا کی جائیگی اور تدفین کشمیری باغ قبرستان میں عمل میں آئے گی ۔خورشید عالم کاکوی کے ناگہانی انتقال پر مختلف ادبی ،سماجی اور سیاسی شخصیتوں اور تنظیموںنے اظہارتعزیت کیاہے ۔ساتھ ہی ان مغفرت اوران کے پسماندگان کیلئے صبرجمیل کی دعاکی ہے ۔روزنامہ ”تاثیر“کے دفتر میں بھی ایک تعزیتی نششت کا انعقاد ہوا۔روز نامہ کے ایڈیٹر ڈاکٹرمحمد گوہر ،اسپیشل ایڈیٹر روح المتین احمد،منیجنگ ایڈیٹر امتیاز کریم ،اکزکیٹیو ایڈیٹر خورشید ہاشمی ،نیوز انچارج طارق حسن اور جملہ متعلقین شریک تھے ۔اس موقع سے خورشید عالم کاکوی کی شخصیت اور ان کی لسانی و سماجی خدمات پر اظہار خیال کر تے ہو ئے ان کی مغفرت اور ان کے پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعاءکی گئی ۔انجمن کنزالایمان ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ ،محلہ بخشی میدان ،پٹنہ سیٹی کے جنرل سکریٹری محمد تحسین رضا قادری نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ شہرعظیم آباد کے بہترین شاعر وادیب ، انشا پرداز اور انجمن کنزالایمان ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ کے کلیدی رکن سید خورشید عالم کاکوی کے انتقال کی خبر جسیے ہی موصول ہوئی ایک تعزیتی نشست ٹرسٹ کے دفتر میںمنعقد کی گئی ۔اس میں قرآن خوانی کے بعدان کیلئے دعائے مغفرت کی گئی۔ وہیں انجمن کے سرپرست اعلی نے کہاکہ سید خورشید عالم کاکوی جہاں کہنہ مشق شاعر، انشاپرداز، ادیب اور بہترین ناقد تھے وہیں وہ نہایت سادہ لوح اور ملنسار، خوش مزاج انسان تھے۔ انجمن کنزالایمان کے کلیدی ممبران میں ان کا شمار ہمیشہ ہوتارہے گا اور انجمن ان کی گراں قدر خدمات کی ممنون ومشکور رہے گی۔مختلف اہم شخصیتوں نے بھی اپنے الگ الگ تعزیتی پیغام میںخورشید عالم کاکوی کی مغفرت کیلئے دعاءکر تے ہوئے ان کے پسماندگان کے غم میں برابر کے شرکت کا اظہار کیاہے ،ان میں سنیئرصحافی اشرف استھانوی ، مظہر عالم مخدو می ، جمال ندولوی،خالد عبادی ، محمد نورعالم ، شاہد حسن خان اور محمد حامدکے نام قابل ذکر ہے۔