سپریم کورٹ نے بی سی سی آئی کی کمان ونود رائے کو سونپی

نئی دہلی، 30 جنوری (یواین آئی) سابق کامپٹرولر اینڈآڈیٹر جنرل ونود رائے کو ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کو چلانے کے لئے آج مقرر کی گئی چار رکنی انتظامی کمیٹی کا صدر بنایا گیا ہے ۔ سپریم کورٹ نے بی سی سی آئی کو چلانے کے لئے چار رکنی انتظامی کمیٹی کا اعلان کیا جس کا سربراہ ونود رائے کو بنایا گیا ہے ۔ اس کے دیگر ارکان میں م¶رخ اور کرکٹ مصنف رام چندر گوہا، سابق ہندوستانی خاتون کپتان ڈیانا اڈلج¸ اور انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ فائنانس کارپوریشن (آئی ڈی ایف سی ) کے سی ای او اور منیجننگ ڈائریکٹر وکرم لمائے شامل ہیں۔یہ پینل لوڈھا کمیٹی کی سفارشات کے مطابق بی سی سی آئی کے اگلے الیکشن ہونے تک بورڈ کا کام کاج سنبھالیں گے ۔ ونود رائے کی صدارت والا یہ پینل فوری طور پر اپنا کام کاج سنبھالے گا اور بی سی سی آئی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر راہل جوہری کے تعاون سے کام کرے گا۔ جوہری بورڈ کے روزانہ کے کام کاج کے انچارج ہوں گے ۔سپریم کورٹ نے اس ماہ کے شروع میں بی سی سی آئی صدر انوراگ ٹھاکر اور سیکرٹری اجے شرکے کو لوڈھا کمیٹی کی سفارشات کو نافذ نہ کرنے پر سخت رخ اختیار کرتے ہوئے برطرف کر دیا تھا۔ ان دونوں کی برطرفی کے بعد یہ انتظامی پینل مقرر کیا گیا ہے ۔ سپریم کورٹ نے گزشتہ سماعت میں بی سی سی آئی اور حکومت سے سیل بند لفافے میں منتظمین کے نام مانگے تھے اور کہا تھا کہ وہ پیر کو اپنا فیصلہ سنائے گی۔سپریم کورٹ نے حکومت کی نمائندگی کر رہے وزارت کھیل کے سیکرٹری کو اس پینل کا رکن مقرر کرنے کی مطالبے کو ٹھکرا دیا۔ کیریئر بینکر وکرم لمائے ، بی سی سی آئی کے جوائنٹ سکریٹری امیتابھ چودھری اور انیرودھ چودھری مالی معاملات کے سلسلے میں بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی میٹنگ میں بی سی سی آئی کی نمائندگی کریں گے ۔سپریم کورٹ نے اس سے پہلے جسٹس گوپال سبرامنیم اور سینئر وکیل انیل دیوان سے بی سی سی آئی میں منتظمین کی تقرری کیلئے نام طلب کئے تھے ۔ گذشتہ 24 جنوری کو گزشتہ سماعت کے دوران عدالت عظمی نے چیف جسٹس کے ذریعہ سونپے گئے نو ناموں کی فہرست میں 70 سال کے کچھ لوگوں کے ناموں پر اعتراض ظاہر کیا تھا اور منتظمین کے ناموں کے اعلان کا فیصلہ 30 جنوری تک ٹال دیا تھا۔عدالت نے اس وقت بی سی سی آئی اور حکومت سے کہا تھا کہ وہ 27 جنوری تک مہر بند لفافے میں تین۔ تین نام دیں تاکہ منتظمین کے پینل اور آئی سی سی میٹنگ میں بی سی سی آئی کی نمائندگی کے لئے غور کیا جا سکے ۔ سماعت میں بی سی سی آئی کی نمائندگی کرنے والے کپِل سبل اور حکومت کی جانب سے مکل روہتگی اپنی اپنی دلیلیں رکھ رہے تھے ۔جسٹس دیپک مشرا، اے ایم کھانولکر اور ڈی وائی چندرچوڑ کی بینچ نے بی سی سی آئی کو موجودہ عہدیداروں میں سے تین ناموں کو منتخب کرنے کی اجازت دی تھی جو مقررہ عمل کے بعد اہل پائے جاتے ہیں۔انہیں دو فروری کو ہونے والی آئی سی سی کی ایگزیکٹو کی بورڈ میٹنگ میں بی سی سی آئی کی نمائندگی کرنا ہے ۔