367بہادر خواتین کو نوازا جائے گا: کووند

0
22

پٹنہ، 17 جنوری (طارق حسن)۔ گورنر رام ناتھ کووند کی صدارت میں آج راج بھون آڈیٹوریم میں بہار ریاستی فوجی بہبود بورڈ کی اسٹیٹ مینیجنگ کمیٹی کی میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر ای ایل ایس این بالا پرساد، ریاست کے داخلہ سیکرٹری عامر سبحانی، پرنسپل سکریٹری محکمہ خزانہ روی متل، جنرل افسر کمانڈنگ (بہار-جھارکھنڈ)، میجر جنرل ایس ایس مامک، بریگیڈیئر جے ایس ڈھل، کرنل ایم ڈسوزا، کرنل آرجے سنگھ، لیفٹیننٹ کرنل اوم پرکاش، سینٹرل فوجی بورڈ کے نمائندے بی ایس اتری، کرنل وی کے سنگھ ، لےفٹیننٹ کمانڈر ششانک شیکھر، ڈائریکٹر، فوجی بہبود ڈائریکٹوریٹ دیو نارائن منڈل سمیت بورڈ کے کئی سینئر افسران وغیرہ اور مینیجنگ کمیٹی کے ارکان نے حصہ لیا۔ واضح رہے کہ گورنمنٹ مینیجنگ کمیٹی کی میٹنگ 2012 کے بعد منعقد نہیں ہو پائی تھی۔ میٹنگ کے دوران گورنر مسٹر کووند نے قبل لئے گئے فیصلوں کی تعمیل کی صورتحال کا آج جائزہ لیا اور آئندہ کی منصوبہ بندی کے بارے میں جانکاری لی۔ میٹنگ کے دوران یہ اہم فیصلہ لیا گیا کہ 367 بہادر خواتین کو گورنر کے ذریعہ آئندہ 26 فروری کو ’ویر ناری سمیلن‘ (داناپور کینٹ) میں نوازا جائے گا۔ اس پر فی بہادر خاتون 5000 روپے کی شرح سے 18.35 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔ میٹنگ کے دوران فوجی افسران نے ریاست میں فوجی بہبود بورڈ کے مختلف عہدوں پر ریٹائرڈ فوجی اہلکاروں / افسران کی تقرری کے ریاستی حکومت کے فیصلے کی تعریف کی اور اس کو فوجی بہبود کی سمت میں ایک مثبت قدم بتایا۔ سابق فوجیوں اور آنجہانی فوجیوں کی بیویوں، ان کی اولاد، ان کے والدین وغیرہ کی فلاح و بہبود کے لئے چلنے والے مختلف منصوبوں کا جائزہ لینے کے لئے میٹنگ کے دوران مینیجنگ کمیٹی نے ہونہاری اسکالرشپ، ازدواجی گرانٹ، سروس کی مدت میں فوجی سروس کی وجہ سے شہید فوجی کے ورثاءکو مکان بنانے / مرمت کیلئے مالی مدد، تعلیمی گرانٹ، ہاسٹل گرانٹ، چھوٹی مالی مدد، دفاعی انسٹی ٹیوٹ میں صلاحیت کی بنیاد انتخاب کے بعد اقتصادی گرانٹ وغیرہ میں قبل مقررہ امدادی رقم کو بڑھانے کا فیصلہ کیا۔ میٹنگ میں گورنمنٹ مینیجنگ کمیٹی نے جنگ یا جنگ جیسی صورتحال / نکسلی تصادم اور قدرتی آفات میں امدادی کام کے دوران شہید شادی شدہ فوجی کے والدین کو بھی ایک مشت ایک لاکھ روپے کی رقم اقتصادی امداد کے طور پر پیش کرنے کا فیصلہ لیاگیا۔ میٹنگ کے دوران سابق فوجی (جے سی او اور اس کے مساوی رینک سطح تک) کے موت کے بعد ان کی بیوہ کی دوبارہ شادی کیلئے گرانٹ کے طور پر ایک لاکھ روپے کی رقم بیوہ کے والدین کو فوجی بہبود بورڈ کے خصوصی فنڈ سے پیش کرنے کیلئے بھی فیصلہ کیا گیا۔ میٹنگ کے دوران سابق فوجی (جے سی او اور مساوی سطح) کی موت کے بعد آخری رسوم کیلئے بھی ’آخری رسوم گرانٹ‘دیے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔