اجے دیوگن کے ساتھ تبوگول مال میں

ممبئی ،یکم فروری (یواین آئی)اداکارہ تبو سلور اسکرین پر سنگھم اسٹار اجے دیوگن کے ساتھ گول مال کرتی نظر آ سکتی ہیں۔بالی ووڈ فلم ساز روہت شیٹی اپنی سپر ہٹ فلم ‘گول مال’ کا چوتھا ورژن بنانے والے ہیں۔ شوٹنگ اس سال جلد ہی شروع ہونے والی ہے ۔ ‘گول مال اگین’ میں روہت نے اجے کے ساتھ ارشد وارثی، تشار کپور اور شرمن جوشی کو اپنی سیریز سے جوڑے رکھا ہے لیکن اب انہوں نے اس فلم میں پہلی بار تبو کو بھی شامل کیاہے ۔بتایا جا رہا ہے کہ تبو کو اجے دیوگن کے کہنے پر فلم میں ایک اہم کردار سونپاگیا ہے ۔ اجے اور تبو پہلے بھی ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔ بطور ہیرو ہیروئین انہوں نے ‘وجے پتھ’ میں کام کیا تھا۔ اس فلم کے ایک نغمے ‘رک-رک ارے بابا رک او مائی ڈارلنگ . ‘نے ناظرین کو خاصا مسرور کیا تھا۔ گزشتہ سال اجے اور تبو کی جوڑی ‘درشیم’ میں نظر آئی تھی۔ بتایا جا رہا ہے کہ فلم میں ایک خاتون کردار ہے ، جس کا کردار بااثر ہے اس کے لئے روہت کو کسی ایسی اداکارہ کی تلاش تھی تو اس کردار میں بااثر لگ سکے ۔ ایسے میں اجے کے کہنے پر روہت نے تبو کو اپنی فلم میں شامل کیاہے ۔ اس بارے میں ابھی باضابطہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے ۔