اردو یونیورسٹی میں اسلامی مطالعات کے نئے شمارہ کی رسم اجرائ

حیدرآباد 8 فروری (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی،شعبہ اسلامک اسٹڈیز میں طلبہ کے دیواری پرچہ ”اسلامی مطالعات“ کا چوتھا شمارہ منظر عام پر آیا۔ پروفیسر شاہد علی عباسی (جامعہ عثمانیہ )اور پروفیسر اقتدار محمد خان (جامعہ ملیہ اسلامیہ ،دہلی)نے اس نئے شمارہ کی رسم اجرا انجام دی۔ دونوں مہمانوں نے طلبہ کی اس کاوش کی ستائش کی۔ اسلامی مطالعات کے اس دوماہی دیواری پرچہ میں مختلف علمی اور معلوماتی عنوانات پر ایم اے ، ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلبہ کے گیارہ مضامین شامل ہیں۔رسم اجراءکے بعد خطاب کرتے ہوئے پروفیسر شاہد علی عباسی نے کہا کہ ”آج کا دور جمود کا دور نہیں ہے، ہم پچھلوں کی ثنا خوانی میں وقت نہیں گذار سکتے۔ طلبہ کو ہر تحریر پر اعتبار نہیں کرنا چاہئے، حقائق کو معلوم کرنا اور مرکزی مضمون تک پہونچنا مشکل ہوتا ہے، اس کے لئے کتب بینی اور گہرے مطالعہ کی ضرورت ہوتی ہے، ثانوی کتابیں ہم کو بنیادی مصادر تک پہونچاتی ہیں۔ سوالات کو منطقی ترتیب دینا ریسرچ کا اہم جز ہے“۔
پروفیسر اقتدار محمد خان نے کہا کہ ”اسلامی مطالعات کے تمام شمارے میرے سامنے ہیں، یہ ایک بہترین شروعات ہے۔ آپ معیاری طریقہ سے کام کررہے ہیں، اس سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ آپ روایتی طریقہ تدریس سے ہٹ کر بھی علم کے حصول میں مصروف ہیں۔ آپ قلم پکڑیئے، تحریر میں عمدگی بتدریج آتی ہے، تعلیم کو جدید اور قدیم کے خانوں میں نہیں باٹنا چاہئے، جدید کاری کے اس دور میں طلبہ کو زمانہ کا نبض شناس بن کر کندھے سے کندھا ملا کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔اپنے اختصاص کے دائرے کو دیگر علوم سے جوڑنا ضروری ہے“۔ ڈاکٹر محمد فہیم اختر‘صدر شعبہ اسلامک اسٹڈیز، مانونے معزز مہمانو ںکا شکریہ ادا کیا، اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی وہ رہنمائی کرتے رہیں گے، صدر شعبہ نے بتایا کہ دیواری پرچہ رواں تعلیمی سال کا تیسرا شمارہ ہے، جو پابندی وقت کے ساتھ منظر عام پر آرہا ہے۔یہ پرچہ تمام تر طلبہ کی محنتوں اور صلاحیتوں کا نتیجہ ہے۔ اس کے لئے انہوں نے خاص طور سے دیواری پرچہ کے مدیر صالح امین ،نیز مجلس ادارت اور مجلس انتظامی کے اراکین کو مبارک باد پیش کی۔ پروگرام کا آغاز صالح امین ‘پی ایچ ڈی کی تلاوت قرآن مجید سے ہوا، سیدہ آمنہ ‘استاذ شعبہ نے مہمانوں کا استقبال کیا اور نظامت کے فرائض انجام دئے۔ اس موقع پر شعبہ کے اساتذہ اور طلبہ موجود تھے۔