خواتین کرکٹ کو ملے فروغ :سچن

نئی دہلی، 04 فروری (یو این آئی) تجربہ کار ہندستانی کرکٹر سچن تندولکر نے خواتین کرکٹ کو فروغ دینے کی پیروی کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس سال آئی سی سی خواتین ورلڈ کپ کو لے کر بہت پرجوش ہیں اور انہیں ہندستانی ٹیم سے بھی کافی امیدیں ہیں۔سچن نے بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے لیے ہفتہ کو ایک کالم میں لکھا کہ تھائی لینڈ جیسی ٹیم کے بھی ورلڈ کپ میں شامل ہونے سے اشارے ملتے ہیں کہ یہ کھیل کس طرح سے عالمی سطح پر پہنچ رہا ہے ۔تھائی لینڈ کی ٹیم اگلے ہفتے کولمبو میں خواتین ورلڈ کپ کوالیفائنگ میں کھیلے گی۔انہوں نے لکھا کہ تھائی لینڈ کے اس سال ورلڈ کپ کرکٹ میں شامل ہونے سے بہت سے لوگوں کو حیرت ہوئی ہو گی لیکن یہ سچ ہے ۔آئی سی سی خواتین ورلڈ کپ 2017 جون سے جولائی میں برطانیہ میں ہوگا اور اس میں دنیا کی کئی بہترین کھلاڑی اعلی سطح کے کھیل سے سب کو متاثر کریں گی۔سچن نے ساتھ ہی خواتین کرکٹ کی مقبولیت کو خواتین کے ساتھ برابری اور حقوق کا بھی مثال بتایا۔دنیا کے عظیم کرکٹر نے کہا کہ دنیا میں اپنی زبردست اور قابل تعریف کارکردگی سے خواتین کرکٹرز نے تمام توجہ اپنی طرف کھینچی ہے اور ان کے ناظرین کی تعداد میں بھی اس سے اضافہ ہوا ہے ۔اس نے نوجوان لڑکیوں کو بھی اس کھیل سے جڑنے کے لیے حوصلہ افزا کیا ہے ۔اس نے ان ممالک میں بھی کرکٹ کو فروغ دیا ہے جہاں اس کھیل کو زیادہ نہیں دیکھا جاتا ہے ۔سابق ہندستانی کرکٹر نے کہا کہ جہاں ایک طرف دنیا بھر میں صنفی امتیاز ایک لعنت بنا ہوا ہے تو وہیں اس کھیل نے خواتین کو آگے آنے کا موقع دیا ہے ۔یہ دیکھنا بہت خوشگوار ہے کہ کرکٹ نے خواتین کو کرکٹ تاریخ میں اپنے لئے علیحدہ جگہ قائم کرنے اور تاریخ رقم کرنے کے موقع پیش کئے ہیں۔سچن نے ساتھ ہی ہندوستانی کھلاڑیوں کا بھی ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ تیز گیند باز جھولن گوسوامی اور بلے باز متالی راج جیسی کھلاڑیوں سے توقع ہے کہ وہ اس ٹورنامنٹ کو کامیاب بنائیں گی۔انہوں نے کہا کہ یہاں ہماری اپنی کھلاڑی جھولن گوسوامی جہاں وکٹ نکالنے اور میدان پر تیزی دکھاتی ہیں تو وہیں متالی ہمیشہ ہندستان کی سفیر رہی ہیں۔